مارکٹس

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ...
شائع November 5, 2024

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 5 پیسے کی کمی کے بعد 277 روپے 84 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 277.79 روپے پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر کا آغاز منگل کو دفاعی انداز میں ہوا کیونکہ تاجر امریکی صدارتی انتخابات کے دن اپنے موقف کو درست کر رہے تھے، جب کہ حالیہ پولز نے ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر کچھ مارکیٹ کے اندازوں کو متاثر کیا ہے۔

ڈیموکریٹ کملا ہیرس کو بھی انتخابی پیشگوئیوں کی ویب سائٹس پر بہتری کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انہیں پریڈیکٹ اٹ پر معمولی برتری حاصل ہے حالانکہ پولی مارکیٹ میں ٹرمپ کوابھی بھی پسندیدہ دکھایا گیا ہے ۔

حالیہ ہفتوں میں مالیاتی مارکیٹس اور کچھ بیٹنگ پلیٹ فارمز نے ٹرمپ کی فتح کے حق میں کافی زور دیا تھا، جن کی محصولات اور امیگریشن کی پالیسیاں ماہرین کے مطابق مہنگائی کا باعث سمجھی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے امریکی خزانے کے منافع میں اضافہ ہوا ہے اور ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

تاہم راتوں رات امریکی کرنسی یورو کے مقابلے میں 0.76 فیصد تک گر کر3 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی جب ہفتے کے آخر میں رائے عامہ کے ایک جائزے میں ریپبلکن پارٹی کے روایتی مضبوط گڑھ آئیووا میں ہیرس کی حیران کن برتری حاصل دکھائی گئی۔

ڈالر انڈیکس 21 اکتوبر کے بعد پہلی بار پیر کو 103.67 کی کمی کے بعد 103.91 پر مستحکم تھا۔

گزشتہ ہفتے یہ 104.63 پر جولائی کے اختتام کے بعد سے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

Comments

200 حروف