اکتوبر، تجارتی خسارہ 31 فیصد کم، 1.5 ارب ڈالر ریکارڈ
- رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 5.59 فیصد کم ہو کر 6.97 ارب ڈالر رہ گیا
رواں سال اکتوبر میں ملکی تجارتی خسارہ سالانہ بنیاد پر 31 فیصد کم ہو کر 1.5 ارب ڈالر رہ گیا۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 کے دوران ملک کے تجارتی توازن میں، (برآمدات اور درآمدات کے درمیان فرق) 2.17 ارب ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اکتوبر 2024 ء میں تجارتی خسارہ سالانہ کم ہوا جس کی وجہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں ریکارڈ کمی ہے۔
بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق اکتوبر 2024 میں 1.5 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ستمبر 2023 کے بعد سب سے کم ہے۔
اکتوبر 2024ء میں برآمدات 2.97 ارب ڈالر رہیں جو اکتوبر 2023ء کے 2.69 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10.64 فیصد زیادہ ہیں۔
دریں اثنا درآمدات 4.47 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 4.86 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ اکتوبر 2024ء میں 17.69 فیصد کم ہوا جو گزشتہ برس کی اس مدت میں 1.82 ارب ڈالر تھا۔
مالی سال 25-2024 کے پہلے چار ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 5.59 فیصد کم ہو کر 6.97 ارب ڈالر رہ گیا جو گزشتہ برس کی اس مدت میں میں 7.39 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مالی سال 2025 کے 4 ماہ میں برآمدات 13.45 فیصد اضافے کے ساتھ 10.88 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ برس کی اس مدت میں 9.59 ارب ڈالر تھیں۔
مالی سال 2025 کے 4 ماہ میں درآمدات بھی 5.17 فیصد اضافے کے ساتھ 17.85 ارب ڈالر رہیں جو مالی سال 2024 کے 4 ماہ میں 16.98 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق اکتوبر 2024 میں 6.97 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ مالی سال 2014 کے 4 ماہ کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔
Comments