پاکستان کے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے سلک بینک لمیٹڈ کو انضمام کی پیشکش کی ہے جس کا مقصد سلک بینک کو یو بی ایل میں ضم کرنا ہے۔

یو بی ایل نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کو یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اس نے سلک بینک لمیٹڈ کے ساتھ انضمام کی پیشکش جمع کرائی ہے، تاکہ سلک بینک کو یو بی ایل میں ضم کیا جا سکے۔ یہ انضمام ایک اسکیم کے تحت کیا جائے گا جسے اسٹیٹ بینک کے ساتھ دائر کیا جائیگا اور اس کی منظوری حاصل کی جائے گی، جیسا کہ بینکنگ کمپنیز آرڈیننس، 1962 کے سیکشن 48 کے تحت ہے۔“

پیشکش کے تحت، یو بی ایل نے سلک بینک کے شیئر ہولڈرز کے لیے 325 سلک بینک عام شیئرز کے بدلے ایک نئے یو بی ایل عام شیئر جاری کرنے کی تجویز دی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ یہ پیشکش اور انضمام یو بی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) اور شیئر ہولڈرز کی منظوری، یو بی ایل اور سلک بینک کے درمیان لین دین کی حتمی دستاویزات پر عملدرآمد اور انضمام کیلئے درکار تمام کارپوریٹ، ریگولیٹری اور تھرڈ پارٹی کی منظوری اور رضامندی کی وصولی سے مشروط ہے۔

یو بی ایل کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق بینک نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والے 9 ماہ کے دوران 49.7 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) ریکارڈ کیا۔ یو بی ایل بورڈ نے 11 روپے فی حصص کے عبوری نقد منافع کا اعلان کیا۔

گزشتہ سال اپریل میں یو بی ایل نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا تھا کہ ’وہ سلک بینک لمیٹڈ کے ساتھ ممکنہ انضمام کی تلاش کررہا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات شروع کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے اجازت لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

اس وقت کہا گیا تھا کہ ممکنہ انضمام مناسب جانچ پڑتال، داخلی اور ریگولیٹری منظوری اور حتمی دستاویزات سے مشروط رہے گا۔

اس کے بعد سلک بینک لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کو یو بی ایل کے ساتھ ’ممکنہ انضمام‘ کو باضابطہ طور پر آگے بڑھانے کی منظوری دے دی۔

Comments

200 حروف