پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور روس نے منگل کے روز سیکورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس دوطرفہ عزم کا اظہار روس کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین اور پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سمیت علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

روسی نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری کے درمیان ایک متحدہ اور تعاون پر مبنی نقطہ نظر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے آج اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔

کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے منگل کو اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کا محور دونوں جانب سے فوجی تعاون اور صنعتی شراکت داری کو مضبوط بنانا رہا جبکہ مشترکہ فوجی مشقوں اور تکنیکی مدد کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے نئے مواقع تلاش کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل الیگزینڈر وی فومین نے موجودہ قیادت کے تحت پاکستان فضائیہ میں حالیہ متاثر کن ترقیات کی تعریف کی۔

روسی نائب وزیر دفاع نے پاکستان کے ساتھ موجودہ دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں افواج کے درمیان تعاون اور پاکستان فضائیہ کے ساز و سامان کی تکنیکی مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

200 حروف