بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں سے ڈراپ کیے جانے کے بعد نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تاہم سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو اگلے ماہ زمبابوے کے دورے میں محدود اوورز کے میچوں کے لیے آرام دیا جائے گا۔

پاکستان کے وائٹ بال فارمیٹ کے لیے نئے کپتان کا اعلان بھی اتوار کو کیا جائے گا جو بابر اعظم کی جگہ لیں گے جو رواں ماہ دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز میلبورن (4 نومبر)، ایڈیلیڈ (8 نومبر) اور پرتھ (10 نومبر) میں کھیلے جائیں گے۔

اس کے بعد برسبین (14 نومبر)، سڈنی (16 نومبر) اور ہوبارٹ (18 نومبر) میں تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے۔

آل راؤنڈر عامر جمال عرفات منہاس، اسپنر فیصل اکرم، وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ اور بلے باز عرفان خان اور صائم ایوب کو ون ڈے میں پہلی بار منتخب کیا گیا ہے۔

اسی طرح آل راؤنڈر جہانداد خان اور سلمان آغا کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی میں منتخب کیا گیا ہے۔

2019 میں پہلی بار وائٹ بال ٹیم کے کپتان مقرر کیے جانے والے بابر اعظم نے گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان کی شکست کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

تاہم مارچ میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انہیں دوسری مرتبہ ٹیم کی قیادت دی گئی جہاں پاکستان ایک بار پھر پہلے راؤنڈ میں باہر ہو گیا تھا جس کے بعد ان پر استعفیٰ دینے کا دباؤ بڑھ گیا تھا۔

دورہ آسٹریلیا کا اسکواڈ:

ون ڈے اسکواڈ میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، بابر اعظم، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد رضوان، عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد رضوان، عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دورہ زمبابوے کا اسکواڈ:

ون ڈے ٹیم میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، احمد دانیال، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حسنین، محمد رضوان، عرفان خان، صائم ایوب، سلمان آغا، شاہنواز دھانی اور طیب طاہر شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں احمد دانیال، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین، عرفان خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، سلمان آغا، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان شامل ہیں۔

Comments

200 حروف