پاکستان

پاکستان کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ

  • اقوام متحدہ خطے میں اسرائیلی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے
شائع October 26, 2024 اپ ڈیٹ October 26, 2024 03:51pm

وزیراعظم شہبازشریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کے حصول کیلئے تہران اور اس کے دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ کھڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی حالیہ کارروائی پر گہری تشویش ہے۔

اس طرح کے اقدامات نہ صرف علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

قبل ازیں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے علاقائی امن واستحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں، حملوں سے خطے میں عدم استحکام خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے ہفتے کی علی الصبح ایران پر فضائی حملہ کیا ہے ،اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اسرائیل پر تہران کے حملوں کے جواب میں فوجی اہداف پر حملے کررہے ہیں ۔

دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے ہفتے کی علی الصبح ایران کو نشانہ بنایا تھا اور اس کی فوج نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل پر تہران کے حملوں کے جواب میں فوجی اہداف پر حملے کر رہی ہے۔

یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے پر اسرائیل کی جوابی کارروائی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کئی ماہ سے جاری حملوں کے جواب میں اس وقت اسرائیلی دفاعی افواج ایران میں فوجی اہداف پر حملے کررہی ہیں۔

دریں اثناء ترجمان کے مطابق اسرائیل تنازع کے بڑھنے اور پھیلنے کا ذمہ دار ہے۔

اعلامیے میں دنیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ علاقائی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور خطے میں اسرائیلی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

دریں اثنا سعودی عرب نے بھی اسرائیل کے حملے کی مذمت کی ہے اور مشرق وسطیٰ میں تنازع میں مزید توسیع کے خلاف متنبہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتا ہے اور خطے میں تنازع میں اضافے کو مسترد کرنے کے اپنے ٹھوس موقف پر زور دیتا ہے جس سے مشرق وسطیٰ کے ممالک اور عوام کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔

مزید برآں امریکہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرے۔

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سویٹ نے کہا کہ ہم ایران پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرے تاکہ لڑائی کا یہ سلسلہ مزید کشیدگی کے بغیر ختم ہوسکے۔

Comments

200 حروف