اسرائیل نے ہفتے کی علی الصبح ایران پر جوابی حملہ کیا، اسرائیلی فوج کے مطابق وہ اسرائیل پر تہران کے حملوں کے جواب میں فوجی اہداف پر حملے کررہے ہیں۔

مشرق وسطیٰ اس بات کے پیش نظر بے چینی میں ہے کہ اسرائیل ایران کی جانب سے یکم اکتوبر کو کیے گئے بیلسٹک میزائلوں کے حملے کے جواب میں کارروائی کرے گا جس میں تقریباً 200 بیلسٹک میزائل اسرائیل کی طرف فائر کیے گئے تھے۔ یہ ایران کا چھ ماہ میں اسرائیل پر دوسرا براہ راست حملہ تھا۔

اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی حکومت کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کئی ماہ سے جاری حملوں کے جواب میں اس وقت اسرائیلی دفاعی افواج ایران میں فوجی اہداف پر حملے کررہی ہیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اسے تہران اور اس کے آلہ کاروں کی جانب سے حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہے، جن میں ایرانی سرزمین سے داغے گئے میزائل حملے بھی شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہماری دفاعی اور حملہ آور صلاحیتیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔

حملے کا دائرہ فوری طور پر واضح نہیں ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ دارالحکومت تہران کے ارد گرد کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ نیم سرکاری ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قریبی شہر کرج میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’تہران کے آسمان پر راکٹوں یا ہوائی جہازوں کی آوازیں سننے کے بارے میں اب تک کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔‘

ایران کے سرکاری ٹی وی نے نامعلوم ایرانی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ زور دار دھماکوں کی وجہ ایران کے فضائی دفاعی نظام کی فعالیت ہوسکتی ہے۔

ایرانی حکام نے بار بار اسرائیل کو حملے کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

ایک امریکی عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اسرائیل نے ایران میں اہداف پر حملوں سے قبل امریکہ کو مطلع کیا ہے لیکن وہ اس کارروائی میں شامل نہیں ۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کی کونسل کے ترجمان شان سیوٹی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اسرائیل ایران میں فوجی اہداف کے خلاف ہدفی حملے کررہا ہے، جو کہ خود دفاع کے طور پر اور ایران کے یکم اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے کے جواب میں ہے۔“

واشنگٹن مزید کشیدگی سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بدھ کو کہا تھا کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی مزید کشیدگی کا باعث نہیں بننی چاہیے۔

شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دمشق کے دیہی علاقوں اور وسطی علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اسرائیل کے وزیر دفاع نے رواں ہفتے کہا تھا کہ دشمن اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی بھاری قیمت ادا کریں گے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی حماس اور لبنان میں اس کے ایرانی حمایت یافتہ اتحادی حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کردیا ہے۔

یہ جنگ ایک سال قبل حماس کے 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔

Comments

200 حروف