اداریہ

آئی پی پیز: کیا یہ پیچیدہ صورتحال ہے؟

انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے ۔ پانچ آئی پی پیز کو غیر ضروری قرار دیے...
شائع October 25, 2024

انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے ۔ پانچ آئی پی پیز کو غیر ضروری قرار دیے جانے اور ان کے معاہدے ختم کیے جانے کے بعد 8 بیگاس سے چلنے والے آئی پی پیز کے ساتھ ایک نظر ثانی شدہ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

اس کے بعد 1994 اور 2002 کی پالیسیوں کے تحت قائم کیے گئے 18 آئی پی پیز ہیں، جنہیں ’ٹیک اینڈ پے‘ ماڈل کی طرف منتقل کرنے اور منافع میں کمی پر اتفاق کرنے پر آمادہ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہوا پر مبنی آئی پی پیز کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تاہم، یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ ان کوششوں کا اثر محدود ہوگا۔ متوقع بچت تقریباً 2 روپے فی یونٹ ہے، جو قومی گرڈ سے طلب میں کمی کا مقابلہ کرنے کے لیے کافی نہیں ہوگی۔

لہٰذا مزید جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔ جنریشن سائیڈ سے سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) اور حکومت کی ملکیت والے آئی پی پیز کے تحت چینی قرضوں کی ری پروفائلنگ کے ذریعے کیپسٹی پیمنٹ سے نمایاں ریلیف حاصل کیا جاسکتا ہے۔

جون میں جب وزیر خزانہ اورنگزیب نے چین کا دورہ کیا تو اس میں پیش رفت ہوئی جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ آئی پی پیز کے لیے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ بنیادی کام کو آگے بڑھایا جا سکے، اور اسلام آباد میں چینی سفارت خانے نے ابتدائی معلومات جمع کرنا شروع کیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ چینی وزیر اعظم لی کیانگ کے وسط اکتوبر کے دورے کے دوران اس کا اعلان کیا جائے گا۔

تاہم 6 اکتوبر کو کراچی ائرپورٹ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مذاکرات کاروں میں سے ایک متاثرین میں شامل تھا، حالانکہ بعد میں وزیر خزانہ اور دیگر ذرائع نے اس کی تردید کی۔ اس واقعے کے بعد مذاکرات کی رفتار رک گئی، اور یہ معاملہ چینی وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں شامل نہیں کیا گیا۔

بعد ازاں نجی پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) نے سی پیک کی مالی اعانت سے چلنے والے آئی پی پیز مالکان سے کہا کہ وہ اپنے قرض دہندگان سے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر غور کرنے کی درخواست کریں۔

مالکان، جن میں زیادہ تر چینی ہیں، نے جواب دیا کہ چونکہ یہ منصوبے سی پیک کا حصہ ہیں — جو کہ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) کی ایک پہل ہے — اس لیے قرضے چینی حکومت کی درخواست پر دیے گئے تھے۔ کچھ قرض دہندگان سرکاری ادارے ہیں، اور یہ قرض نیم مالی نوعیت کے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ اس معاملے میں پیش قدمی اور اقدام حکومتی مذاکرات سے ہی آنا چاہیے، جیسے کہ جوہری منصوبوں میں ہوا تھا۔ تاہم، پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا سب سے اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

نتیجتا، چینی آئی پی پیز کے لیے قرضوں کی دوبارہ پروفائلنگ پس پشت پڑی ہوئی ہے۔ اس کے بغیر آئی پی پیز کے ساتھ وسیع تر مذاکرات بنیادی تبدیلی کے بجائے آپٹکس کے بارے میں زیادہ نظر آتے ہیں۔ 2022 میں آئی پی پیز کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی کوششیں کی گئیں اور 2022-23 کے دوران وزارت توانائی نے چوری پر قابو پانے پر توجہ مرکوز کی، جس کے متعدد کیسز اس وقت کے پاور سیکریٹری نے عام کیے۔

ان کوششوں کے باوجود بجلی کے نرخوں میں اور گردشی قرضوں میں اضافہ ہوتا رہا۔ صارفین کو ابھی تک ٹھوس فوائد نظر نہیں آئے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مذاکرات میں سی پیک منصوبوں اور حکومت کی ملکیت والے آئی پی پیز کو شامل کیے بغیر موجودہ مذاکرات کے محدود نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

بجلی پر ٹیکس کے بوجھ میں کمی جیسے کچھ دیگر مثبت پہلو بھی موجود ہیں، جو مجموعی طور پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت سے ٹیکس کا بوجھ پٹرولیم مصنوعات پر منتقل ہوسکتا ہے، جس سے الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی طرف منتقلی کی حوصلہ افزائی ہوسکتی ہے اور بجلی کی طلب کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

زیادہ اہم اصلاحات میں توانائی مارکیٹ کو کھولنا اور تقسیم کمپنیوں کی نجکاری شامل ہیں، جو ایک بنیادی تبدیلی لاسکتی ہیں۔ 18 آئی پی پیز کے ساتھ ’ٹیک اینڈ پے‘ ماڈل اپنانے کے لیے آنے والے مذاکرات صرف اس صورت میں مؤثر ہوں گے جب توانائی مارکیٹ کو آزاد کیا جائے اور مناسب ویلیو چارجز نافذ کیے جائیں۔

آئیے دیکھتے ہیں کہ انرجی ٹاسک فورسز جبرانہ اقدامات اور صرف زبانی دعووں کے علاوہ کس طرح کام کرتی ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف