فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقامی طور پر تیار کی جانے والی اسٹیل کی چار مصنوعات کی فراہمی کی کم از کم قیمت میں زبردست کٹوتی کی ہے جس سے ان مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی آئے گی۔

ایف بی آر کی جانب سے ایس آر او 501(آئی)/2022 کی جگہ ایس آر او 1636(آئی)/2024 جاری کیا گیا ہے تاکہ مقامی سطح پر تیار کردہ اسٹیل مصنوعات کی فراہمی کی کم از کم قیمت کو ایڈ ویلورم کی بنیاد پر سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے مقصد سے دوبارہ مقرر کیا جاسکے۔

نئے نوٹیفکیشن کے تحت اسٹیل بارز اور دیگر لانگ پروفائلز کی کم از کم قیمت 2 لاکھ 25 ہزار روپے فی میٹرک ٹن سے کم کرکے 2 لاکھ 5 ہزار روپے فی میٹرک ٹن کر دی گئی ہے۔

اسٹیل بلٹس کی کم از کم قیمت ایک لاکھ 75 ہزار روپے فی میٹرک ٹن مقرر کی گئی ہے جبکہ پرانی قیمت ایک لاکھ 95 ہزار روپے فی میٹرک ٹن تھی۔

مقامی طور پر تیار کی جانے والی اسٹیل انگوٹس/بالا کی سپلائی کی کم از کم قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے پی ایم ٹی سے کم کرکے ایک لاکھ 60 ہزار روپے فی میٹرک ٹن کر دی گئی ہے۔ جہاز پلیٹوں کی کم از کم قیمت ایک لاکھ 72 ہزار روپے فی میٹرک ٹن کے مقابلے میں کم کرکے ایک لاکھ 54 ہزار روپے فی میٹرک ٹن کر دی گئی ہے۔

دیگر ری رول ایبل لوہے اور اسٹیل اسکریپ کی کم از کم قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور یہ 160،880 روپے فی میٹرک ٹن رہے گی۔

ایف بی آر نے مزید کہا کہ اگر مذکورہ مصنوعات کی فراہمی کی قیمت اس میں طے شدہ قیمت سے زیادہ ہے تو ایسی زیادہ قیمت پر سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف