زیادہ فروخت کے باوجود پاکستان کے سب سے بڑے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان میں سے ایک انٹرلوپ لمیٹڈ (آئی ایل پی) کا منافع 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 94 فیصد سے زائد کمی کے بعد 334.48 ملین روپے رہا۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی نے گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 6.04 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا تھا۔

پہلی سہہ ماہی کے دوران کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) کم ہو کر 0.24 روپے رہ گئی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 4.31 روپے تھی۔

منافع میں کمی سہ ماہی کے دوران فروخت کی زیادہ لاگت اور آپریٹنگ اخراجات کی وجہ سے آئی ہے۔

مالی سال 2025 ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائل کمپنی کی خالص فروخت 11 فیصد اضافے کے ساتھ 42.75 ارب روپے تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال 38.5 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

زیادہ فروخت کے باوجود انٹرلوپ کا مجموعی منافع مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 36 فیصد سے زائد کم ہوکر 8.14 ارب روپے رہ گیا۔ نتیجتا کمپنی کے منافع کا مارجن کم ہو کر 19 فیصد رہ گیا جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ شرح 33.1 فیصد تھی۔

دوسری جانب مالی سال 2025 ء کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کے آپریٹنگ اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر تقریبا 8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 4.3 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

ٹیکسٹائل ایکسپورٹر کا آپریشنز سے منافع کم ہو کر 3.84 ارب روپے رہ گیا جو گزشتہ برس کے اس عرصے کے 8.76 ارب روپے کے مقابلے میں 56 فیصد سے زیادہ کم ہے۔

مالی سال 25 کی پہلی سہ ماہی میں اس کی مالیاتی لاگت تقریبا 30 فیصد اضافے کے ساتھ 2.86 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

اس کے نتیجے میں مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں قبل از ٹیکس منافع 982.15 ملین روپے رہا جو کہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں 6.55 ارب روپے کے مقابلے میں 85 فیصد کم ہے۔

1992 میں قائم ہونے والی کمپنی والا انٹرلوپ 2019 میں ملک کی اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہوئی تھی۔

یہ کمپنی عمودی طور پر مربوط، ملٹی کیٹیگری کمپنی ہے جو ہوزری، ڈینم، بنے ہوئے ملبوسات اور ایکٹو ویئر تیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ٹیکسٹائل گاہکوں کے لئے دھاگے تیار کرتی ہے۔ یہ پاکستان میں سب سے بڑی برآمد کنندہ کمپنیوں میں سے ایک ہے اور پی ایس ایکس کی سب سے بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

اس کے تمام پلانٹس صوبہ پنجاب میں واقع ہیں۔

Comments

200 حروف