حزب اللہ نے بدھ کو تصدیق کی ہے اس کے شہید سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین کے طور پر سامنے آنے والے حسن صفی الدین اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

حزب اللہ نے یہ بھی بتایا کہ صفی الدین ایک اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنے۔

صفی الدین حسن نصراللہ کے قتل کے بعد حزب اللہ کے نائب سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کے ساتھ حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے اور ان کی باضابطہ طور پر اگلے سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب ہونے کی توقع کی جا رہی تھی تاہم گروپ کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان کیا جانا باقی تھا۔

نصراللہ کے رشتہ دار، صفی الدین حزب اللہ کی جہاد کونسل کے رکن تھے، جو کہ اس کی عسکری کارروائیوں کی ذمہ دار ہے۔ وہ حزب اللہ کے ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ بھی تھے، جو کہ مالی اور انتظامی امور کی نگرانی کرتے تھے۔

صفی الدین نے اسرائیل کے ساتھ دشمنی کے دوران حزب اللہ کی جانب سے آواز اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا اور یہی ان کی شہادت کی بنیادی وجہ بنی اور انہوں نے ان تقاریب اور جنازوں سے بھی خطاب کیا جس میں سیکورٹی وجوہات کی بناء پر حسن نصراللہ شرکت نہیں کرسکے تھے۔

ان کی شہادت نے گروپ کی اعلیٰ قیادت کو مزید کمزور کر دیا ہے کیونکہ اسرائیلی حملے لبنان کے جنوبی علاقوں، مشرقی بیقعہ وادی اور بیروت کے جنوبی مضافات، جو کہ حزب اللہ کے گڑھ ہیں، پر جاری ہیں جبکہ گروپ اسرائیل کی جانب سے زمینی دراندازیوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Comments

200 حروف