مارکٹس

توانائی کے شعبے میں تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 87 ہزار کی بلند ترین سطح عبور کرگیا

  • کئی ہفتوں سے انڈیکس میں تیزی کا رحجان جاری ہے، مثبت معاشی اشاریے بھی اضافے میں کردار ادا کر رہے ہیں
شائع October 23, 2024 اپ ڈیٹ October 23, 2024 05:10pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے کاروباری روز بھی خریداری کا سلسلہ جاری رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار 87 ہزار کی سطح عبور کرکے نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 727.96 پوائنٹس یا 0.84 فیصد اضافے کے ساتھ 87,194.53 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران انڈیکس نے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 87,309.22 کی سطح کو بھی چھوا۔

یہ تیزی انڈیکس ہیوی انرجی اسٹاک میں بھی خریداری کی وجہ سے دیکھی گئی، حبکو، کے ای ایل، پی پی ایل اور او جی ڈی سی، اے ٹی آر ایل سمیت کمپنیوں کے حصص مثبت زون میں بند ہوئے۔

ماہرین نے اس تیزی کی وجہ رواں ماہ مہنگائی میں کمی کے امکانات کے پیش نظر پالیسی ریٹ میں ایک اور کمی کی توقع کو قرار دیا ہے۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے ایک نوٹ میں کہا کہ ثانوی مارکیٹ کی پیداوار میں کمی، سیاسی استحکام، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا کامیاب سربراہ اجلاس اور مقامی میوچل فنڈ کی خریداری اس تاریخ کی بلند ترین سطح کی بنیادی وجوہات ہیں۔

منگل کو بھی مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست خریداری اور ادارہ جاتی مدد کی بدولت اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 409.06 پوائنٹس یا 0.48 فیصد کے اضافے کے ساتھ 86,466.58 پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر بدھ کے روز وال اسٹریٹ پر ایک اور غیر معمولی دن کے بعد ایشیائی حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی جہاں بانڈز کے بڑھتے ہوئے منافع اور فیڈرل ریزرو کے عہدیداروں کے تبصروں نے امریکی شرح سود میں کمی کی توقعات کو کم کر دیا۔

ایک عالمی تیزی جس میں متعدد مارکیٹوں نے متعدد ریکارڈ قائم کیے ہیں – خاص طور پر نیو یارک میں – اب تھمتی ہوئی نظر آرہی ہے کیونکہ تاجروں نے معاشی اعداد و شمار کی پیش گوئی کے تناظر میں اور سخت صدارتی انتخابات سے قبل امریکی مرکزی بینک کے منصوبوں کا جائزہ لیا ہے۔

تاجر بیجنگ پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ گزشتہ ماہ کے دوران حوصلہ افزائی کے بعد ترقی کو دوبارہ متحرک کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ جغرافیائی سیاسی تناؤ نے سیف ہیون جیسے سونے کو ایک اور عروج پر لے جانے میں مدد کی ہے۔

فیڈ کے اگلے اجلاس میں شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کی ایک اور زبردست کمی کے اندازے حالیہ ڈٰیٹا کی وجہ سے کم ہوگئے ہیں جس میں دنیا کی سب سے بڑی معیشت کی مضبوط صحت اور محنت کی منڈیوں کی پائیداری ظاہر ہوئی ہے۔

بینک کے پالیسی بورڈ کے کئی اہم ارکان نے کہا ہے کہ اگرچہ وہ مزید کٹوتی کے حق میں ہیں لیکن وہ بہت جلدی نہیں جانا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا گیا اور کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ 1 پیسے کے اضافے کے بعد 277 روپے 73 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم منگل کے روز 722.21 ملین سے کم ہوکر 699.29 ملین رہ گیا۔

تاہم حصص کی قیمت گزشتہ سیشن کے 25.02 ارب روپے سے بڑھ کر 26.82 ارب روپے ہوگئی۔

کے الیکٹرک لمیٹڈ 207.63 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام 42.92 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور پاک انٹ بلک 33.97 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

بدھ کو 447 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 214 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 173 میں کمی جبکہ 60 میں استحکام رہا۔

Comments

200 حروف