امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن منگل کے روز اسرائیل پہنچ رہے ہیں، جو غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کی بحالی اور حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد علاقے کے مستقبل پر تبادلہ خیال کرنے کے مقصد سے مشرق وسطیٰ کے وسیع تر دورے کا پہلا مرحلہ ہے۔

سات اکتوبر کو فلسطینی حماس کی جانب سے غزہ جنگ کے آغاز پر جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد خطے کا گیارہواں دورہ کرنے والے اعلیٰ امریکی سفارت کار کا تازہ ترین دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں کے ساتھ ساتھ لبنان میں ایران سے وابستہ حزب اللہ ملیشیا کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے۔

انٹونی بلنکن کا ایک ہفتہ طویل دورہ، جس میں بدھ کو اردن اور دوحہ کا قیام بھی شامل ہے، ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطہ یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے کے جواب میں اسرائیل کے ردعمل کی تیاری کر رہا ہے۔

جوابی کارروائی سے تیل کی منڈیوں میں خلل پڑ سکتا ہے اور خطے میں مکمل جنگ چھڑنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ غزہ کے بارے میں بلنکن جنگ کے خاتمے، لڑائی ختم ہونے کے بعد انکلیو کے منصوبوں اور انسانی امداد کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔

گزشتہ ہفتے بلنکن اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی حکام کو خط لکھ کر غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بصورت دیگر امریکی فوجی امداد پر ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ اسرائیل اور عرب ممالک کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں بلنکن سلامتی، گورننس اور تعمیر نو جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ان میں سے ہر ایک کے لئے تفصیلی منصوبہ بندی کو تنازع کے کسی بھی دیرپا حل کے حصول کے لئے شرط کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ وزیر خارجہ اسرائیل اور دیگر ممالک کے ساتھ حزب اللہ کے ساتھ تنازع کے سفارتی حل کو یقینی بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور ایران کے میزائل حملے کے متوقع ردعمل کے بارے میں اسرائیلیوں کے ساتھ واشنگٹن کی بات چیت جاری رکھیں گے۔

Comments

200 حروف