پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 9 ڈالر کے اضافے سے پہلی بار 2721 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 900 روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 81 ہزار 800 روپے کی نئی بلند ترین سطح پرجاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونا 772 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 41 ہزار 598 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 80 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 50 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 150 روپے ہوگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں جاری تیزی کی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور مانیٹری پالیسی کی توقعات میں نرمی ہے۔
Comments