دنیا

یحیٰ سنوار غزہ میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ کے دوران شہید ہوگئے، حماس نے تصدیق کردی

  • اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یحیٰ سنوار کو حماس کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا
شائع 18 اکتوبر 2024 05:44pm

حماس کے نائب سربراہ اور تنظیم کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیا نے جمعے کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار غزہ میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ کے دوران شہید ہوگئے ہیں۔

یہ پیش رفت اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کے اس دعوے کے بعد سامنے آئی ہے کہ یحیٰ سنوار کو غزہ میں اسرائیلی افواج نے شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے متعدد رہنماؤں اور کمانڈروں کی شہادت کے بعد یحیٰ سنوار کی شہادت حماس کیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگی جسے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کے بعد سے مسلسل فضائی حملوں کا سامنا ہے۔

یحیٰ سنوار کو 6 اگست کو حماس کے سابق سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کے جانشین کے طور پر گروپ کا سب سے اہم رہنما نامزد کیا گیا تھا، جنہیں 31 جولائی کو تہران میں قتل کر دیا گیا تھا۔

7 اکتوبر 2023 کے حملے کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر مشہور یحیٰ سنوار غزہ میں تھے اور وہ غزہ بحران کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج کی متعدد کوششوں کے باوجود جان بچانے میں کامیاب رہے تھے۔

جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے ایک پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہونے والے 62 سالہ سنوار 2017 میں غزہ میں حماس کے رہنما منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے اپنی نصف جوانی اسرائیلی جیلوں میں گزاری اور وہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد بچ جانے والے حماس کے سب سے طاقتور رہنما تھے۔

Comments

200 حروف