پاکستان میں فرٹیلائزر پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) نے ایگری ٹیک لمیٹڈ کے 3 ارب 97 کروڑ روپے مالیت کے 10 کروڑ 60 لاکھ 14 ہزار 632 حصص حاصل کر لیے ہیں۔

لسٹڈ کمپنی نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) نے 15 اکتوبر 2024 کو ایگری ٹیک لمیٹڈ کے 106,014, 632 ووٹنگ شیئرز 37.42 روپے فی حصص کے حساب سے حاصل کیے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس نئے شیئرز کے حصول کی بدولت ایگری ٹیک لمیٹڈ میں ہماری کل شیئر ہولڈنگ 117,934,632 حصص ہوگئی ہے جو ایگری ٹیک لمیٹڈ کے کل جاری کردہ ووٹنگ حصص کا 27.77 فیصد ہے کیونکہ ایف ایف سی میں کمپنی کے پچھلے ہولڈنگ 11,920,000 حصص یعنی 2.81 فیصد تھے۔

گزشتہ ماہ فوجی فرٹیلائزر نے ایگری ٹیک لمیٹڈ کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔

کھادوں اور کیمیکلز کی مینوفیکچرنگ، خریداری اور مارکیٹنگ میں مصروف ایف ایف سی نے 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں 25.01 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 12.44 ارب روپے کے مقابلے میں دو گنا زیادہ ہے۔

دریں اثناء 30 جون 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی کی عبوری مالی رپورٹ کی بنیاد پر ایگری ٹیک لمیٹڈ کے عام حصص کی مجموعی تعداد 42 کروڑ 46 لاکھ 45 ہزار 119 ہے جن کی فیس ویلیو 10 روپے ہے۔

جے ایس گلوبل سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہاکہ اے جی ایل میں یوریا کی پیداواری صلاحیت 433 ہزار ٹن اور ایس ایس پی کی سالانہ صلاحیت 81 ہزار ٹن ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ حصول کے نتیجے میں ہم آہنگی پیدا ہونے کی توقع ہے جس سے مشترکہ انٹرپرائز کی قدر میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

Comments

200 حروف