مارکٹس

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی کمی

۔ انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔...
شائع October 15, 2024

۔

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 8 پیسے کم ہونے کے بعد 277 روپے 74 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 277.66 روپے پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر منگل کو بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر دو ماہ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا جس کی وجہ یہ ہے کہ فیڈرل ریزرو مستقبل قریب میں شرح سود میں معمولی کمی کرے گا۔

امریکی معیشت کے لچکدار ہونے اور صرف معمولی حد تک سست ہونے کے حوالے سے مسلسل ڈیٹا سامنے آیا ہے جبکہ ستمبر میں مہنگائی توقعات سے تھوڑی زیادہ بڑھی، جس کی وجہ سے تاجروں نے فیڈرل ریزرو کی جانب سے بڑی شرح سود میں کمی کے امکانات کو کم کر دیا ہے۔

امریکی مرکزی بینک نے ستمبر کی آخری پالیسی میٹنگ میں اپنے شرح سود میں 50 بیس پوائنٹس کی کمی سے اپنے نرم مالیاتی دور کا آغاز کیا، جو کہ ایک بڑا قدم تھا۔ تاہم، اب مارکیٹ کی توقعات میں تبدیلی آئی ہے اور یہ اشارہ مل رہا ہے کہ سود کی کمی کا عمل زیادہ آہستہ ہوگا جس کے نتیجے میں ڈالر کو تقویت ملی ہے۔

ٹریڈرز اب نومبر میں 25 بی پی ایس کٹوتی کے 89 فیصد امکانات کا اظہار کررہے ہیں جب کہ سال کیلئے مجموعی طور پر قیمتوں میں 45 بی پی ایس کی کمی کی گئی ہے۔

ڈالر انڈیکس 103.27 پر جاپہنچا جو 103.36 سے کچھ ہی پیچھے تھا، جو پیر کو 8 اگست کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ انڈیکس میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 3 ماہ سے جاری کمی کا سلسلہ ختم کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

منگل کو ایشیائی تجارت کے دوران تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد کمی واقع ہوئی جس کی وجہ طلب میں کمی اور ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل ایرانی تیل کے اہداف کو نشانہ نہیں بنانا چاہتا جس سے رسد میں خلل پڑنے کا خدشہ کم ہوگیا ہے۔

برینٹ کروڈ فیوچر 2.35 ڈالر یا 3 فیصد کی کمی سے 75.11 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 2.26 ڈالر یا 3.1 فیصد کی کمی سے 71.57 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔

دونوں بینچ مارک پیر کے روز تقریبا 2 فیصد کی کمی پر بند ہوئے تھے۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Comments

200 حروف