سیکیور لاجسٹکس گروپ لمیٹڈ (ایس ایل جی ایل) نے ایک عالمی شپنگ، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز کمپنی مارسک ویسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا لمیٹڈ (مارسک) کو ٹرانسپورٹ سروسز فراہم کرنے کیلئے ایک معاہدہ کیا ہے۔

ایس ایل جی ایل نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ایس ایل جی کی مارسک کیلئے ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والے کے طور پر شمولیت ایس ایل جی کے اس مقصد کے مطابق ہے کہ وہ مقامی لاجسٹک سروسز فراہم کرنے والی سرکردہ کمپنی بنے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ایس ایل جی ایل اپنے ٹرانسپورٹس انٹرنیشنو روٹیئرز (ٹی آئی آر)لائسنس کے تحت مارسک کے ساتھ ایک اور اسی نوعیت کے معاہدے پر بات چیت کررہا ہے۔ کمپنی مارسک کو یہ خدمات فراہم کرنے کا آغاز علاقائی منڈیوں سے کریگی جن میں وسطی ایشیائی ممالک شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ مارسک نے ایس ایل جی ایل کو اپنے آن شور لاجسٹکس پارٹنر کے طور پر مقرر کیا تھا۔

ایس ایل جی ایل نے اس وقت ایک نوٹس میں کہا تھا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری ایس ایل جی ایل کے لاجسٹک خدمات کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے مسلسل عزم کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔

اگست میں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ مارسک اگلے دو سال میں پاکستان کی بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

Comments

200 حروف