پاکستان سعودی عرب کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا، شہباز شریف
- شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل سعودی وفد کے پاکستان آنے کی توقع ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی وفد کے ساتھ رواں ماہ کے آخر میں دو ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 15 سے 16 اکتوبر تک ہونے والے اجلاس سے قبل سعودی عرب کا ایک وفد پاکستان آنے کی توقع ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچایا تھا کیونکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کئی دنوں کے دھرنے کی وجہ سے اپنا دورہ اسلام آباد منسوخ کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کو 2014 کے دھرنے کے دوران کیے گئے کام کو دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسے دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ یہ میرا وعدہ ہے. میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔
کراچی میں حالیہ حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چینی سفیر کو پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے لبنان اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ یہ بات وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
بیان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو اس مقصد کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال فلسطین اور لبنان سے متعلق امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔
کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور محکموں میں ای آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای گورننس میں حکومت کے اقدامات سے اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈیولپمنٹ انڈیکس (ای جی ڈی آئی) میں پاکستان کی پوزیشن میں 14 درجے بہتری آئی ہے۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے تمام 40 ڈویژنز میں ای آفس پر عملدرآمد جاری ہے، بعض وزارتوں میں 100 فیصد عملدرآمد حاصل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ای آفس پر عملدرآمد میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دو ہفتوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے فیصلوں کی روشنی میں ماہی گیری کے شعبے میں سبسڈی کے معاہدے کی توثیق کردی۔
کابینہ نے وزارت میری ٹائم افیئرز کی سفارشات کی بنیاد پر پاکستان میں گوادر پورٹ اور چین میں شنگھائی پورٹ کو سسٹر پورٹس بنانے کے معاہدے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔
کابینہ نے دفتر خارجہ کی سفارشات کی بنیاد پر دفتر خارجہ اور روانڈا کی وزارت خارجہ اور گھانا کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی توثیق کی۔
کابینہ نے بلوچستان ہائی کورٹ کے معزز چیف جسٹس کی ہدایات اور وزارت قانون و انصاف کی سفارشات کی بنیاد پر گوادر کے جوڈیشل مجسٹریٹ اور حب کے جوڈیشل مجسٹریٹ کو منشیات کے مقدمات کی سماعت کا اختیار دینے کی منظوری دی۔
Comments