ریگل آٹوموبائلز کو پاکستان کی پہلی الیکٹرک ایس یو وی بنانے کی منظوری مل گئی، قیمت 83 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر
ریگل آٹوموبائلز نے اعلان کیا ہے کہ اسے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ آف پاکستان (ای ڈی بی) نے ملک کی پہلی الیکٹرک ایس یو وی کو مقامی طور پر اسمبل کرنے کا لائسنس دیا ہے۔
سیرس 3 ایس یو وی دو ورژن میں دستیاب ہوگی: سیرس 3 (3.5)، جو 49 کلو واٹ بیٹری اور 5 نشستوں کی گنجائش رکھتی ہے، اور سیرس 3 (4.0) ، جس میں 54 کلو واٹ کی بیٹری ہے جس میں 5 نشستوں کی گنجائش ہے۔
سیرس تھری کی قیمت 83 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگی۔
بزنس ریکارڈر کے ساتھ شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق کمپنی کے ساتھ اپنی گاڑیوں کی پری بکنگ کرانے والے صارفین کو 54 کلو واٹ بیٹری والا سیرس 3 ملے گا۔ دیگر صارفین کو 49 کلو واٹ بیٹری والی ایس یو وی ملیں گی۔
اس کی پیداوار مانگا منڈی، لاہور میں ریگل کے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں شروع ہونے والی ہے اور اکتوبر کے آخر تک باضابطہ پروڈکشن لانچ کی تقریب متوقع ہے۔
سیرس پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عدیل عثمان نے بزنس ریکارڈر کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک بیان میں کہا، “ہم پاکستان کی پہلی مقامی طور پر اسمبل شدہ الیکٹرک ایس یو وی، سیرس 3 کو مارکیٹ میں لانے کیلئے پرجوش ہیں۔
“یہ زیادہ پائیدار آٹوموٹو مستقبل کی طرف ایک اہم قدم ہے اور ہمارے صارفین کے لئے لاگت مؤثر الیکٹرک گاڑی کا آپشن فراہم کرتا ہے۔
ریگل آٹوموبائلز نے پاکستانی مارکیٹ میں سیرس 3 الیکٹرک ایس یو وی متعارف کرانے کے لیے برقی گاڑیاں بنانے والی بین الاقوامی کمپنی سیرس کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
رواں سال کے اوائل میں دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (ڈی ایف ایم ایل) نے ای جی ایم ایل کی ہونری وی ای کی مینوفیکچرنگ کے لیے ای سی او گرین موٹرز لمیٹڈ (ای جی ایم ایل) کے ساتھ ٹول مینوفیکچرنگ معاہدہ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
یہ تعاون الیکٹرک گاڑیوں کی طرف بڑھتے ہوئے عالمی رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے پاکستان کے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا حل بھی مل سکتا ہے جبکہ طویل مدت میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوسکتا ہے۔
ڈی ایف ایس کے (ڈونگ فینگ سوکون) اور آر پی گروپ کے درمیان مشترکہ منصوبے کے طور پر 2017 میں قائم ہونے والا ریگل آٹوموبائلز پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر میں ایک نمایاں کھلاڑی ہے۔ کمپنی ہلکی کمرشل گاڑیاں، مسافر کاریں اور ایس یو وی سمیت گاڑیوں کی ایک وسیع رینج پیش کرتی ہے۔
ریگل کا مینوفیکچرنگ پلانٹ مانگا منڈی، لاہور میں 26 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں جدید ای ڈی پینٹنگ ٹیکنالوجی شامل ہے۔ کمپنی پاکستان بھر میں 19 آزاد تھری ایس ڈیلرشپس کا نیٹ ورک بھی رکھتی ہے۔
الیکٹرک دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے بعد اب پاکستان میں الیکٹرک کاروں کی آمد دیکھنے کو مل رہی ہے۔
ماسٹر موٹرز نے اگست میں اپنے ہائی اینڈ چانگان کے دیپال ای وی متعارف کرائے تھے جبکہ ڈی ایف ایم ایل نے نسبتا سستی ای وی – ہونیری 2.0 اور 3.0 کی اسمبلنگ شروع کردی تھی۔ چینی آٹوموٹو کمپنی بی وائی ڈی نے بھی پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ انٹری دے دی ہے جبکہ ایئر لنک نے بھی شیاؤمی الیکٹرک گاڑی کے درآمدی یونٹس کی تصدیق کردی ہے۔
Comments