دفتر خارجہ نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردی کے واقعے کو پاک چین دوستی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مل کر اس جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کام کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مجید بریگیڈ سمیت اس ہولناک حملے کے ذمہ داروں کو نہیں بخشے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے دو چینی انجینئرز سمیت ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ “ملک کی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان کے سہولت کاروں کو بھی اس کام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ دفتر خارجہ پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں آزمودہ دوست ہیں اور ان کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب اتوار کی شب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی جس میں دو چینی انجینئرز جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ گھناؤنا عمل نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر بھی حملہ ہے۔ ہم مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

Comments

200 حروف