میکسیکو کی ریاست گوریرو کے میئر کو اتوار کو ان کا عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے کے بعد قتل کردیا گیا، اس بات کی تصدیق ریاست گوریرو کے گورنر نے کی ہے
الیجینڈرو آرکوس کو شہر چلپنسنگو کے میئر کے طور پر عہدہ سنبھالنے کے صرف چھ دن بعد قتل کردیا گیا۔ چلپنسنگو جنوب مغربی میکسیکو میں واقع تقریباً 2.8 لاکھ لوگوں کا شہر ہے۔
گوریرو کے گورنر ایولین سالگاڈو نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ان کے انتقال سے پوری ریاست گوریرو میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گوریرو کے ریاستی اٹارنی جنرل کےمطابق وہ ان کے قتل کی تحقیقات کررہے ہیں۔
اس بات کی تصدیق میسجنگ ایپ واٹس ایپ پر گردش کرنے والی تصاویر کے بعد سامنے آئی جس میں ایک پک اپ ٹرک کے اوپر کٹا ہوا سر دکھایا گیا ہے، جو آرکوس کا معلوم ہوتا ہے۔
رائٹرز ان تصاویر کی تصدیق آزادانہ طور پر نہیں کرسکا۔
آرکوس کی موت سے صرف تین دن قبل شہر کی نئی حکومت کے سیکریٹری فرانسسکو تاپیا کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
سینیٹر الیگزینڈرو مورینو نے سوشل میڈیا پرکہا کہ وہ نوجوان اور ایماندار عہدیدار تھے جو اپنی کمیونٹی کے لئے ترقی کے خواہشمند تھے ۔
میکسیکو کی پی آر آئی سیاسی جماعت کے سربراہ مورینو نے وفاقی اٹارنی جنرل کے دفتر سے مطالبہ کیا کہ وہ آرکوس اور تاپیا کے قتل کی تحقیقات کریں۔
گوریرو ریاست عوامی عہدیداروں اور صحافیوں کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ریاستوں میں سے ایک بن چکی ہے۔ 2 جون کو ہونے والے میکسیکو کے انتخابات سے پہلے ریاست میں کم از کم چھ امیدواروں کو قتل کردیا گیا تھا۔
آرکوس کی سوشل میڈیا پوسٹس سے پتہ چلتا ہے کہ میئر حالیہ دنوں میں سمندری طوفان کے اثرات کے بعد قدرتی آفات سے بچاؤ کی کوششوں کی نگرانی کر رہے تھے، جس کی وجہ سے ساحلی مقام اکاپلکو اور آس پاس کے قصبوں میں شدید سیلاب آیا تھا۔
Comments