بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تقریبا ایک دہائی میں کسی بھارتی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے لیے تمام رکن ممالک کے سربراہان حکومت کو دعوت نامے ارسال کردیے گئے ہیں جن میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی کچھ تصدیقیں موصول ہوئی ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 15 اور 16 اکتوبر 2024 کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لیے ایک ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی تھی۔

دفتر خارجہ کے مطابق تنظیم کا دوسرا سب سے بڑا فیصلہ ساز ادارہ ہونے کے ناطے اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی میزبانی نہ صرف ایک اہم علاقائی ملک کی حیثیت سے پاکستان کی اہم حیثیت کو بحال کرے گی جو امن، بات چیت اور سفارت کاری پر پختہ یقین رکھتا ہے بلکہ طویل عرصے کے بعد اس پیمانے اور نمائندگی کی سطح کے ایونٹ کی میزبانی کرنے پر ملک کے وقار اور ساکھ میں بھی اضافہ کرے گا۔

Comments

200 حروف