پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کے قتل سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔

حزب اللہ نے ہفتے کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے رہنما حسن نصراللہ ایک روز قبل بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

ان کے قتل سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تقریباً ایک سال سے جاری سرحد پار حملوں میں شدید اضافہ ہوا ہے، اور اس سے پورے خطے میں ایک وسیع تر جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اتوار کو دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں تشویشناک حدتک بڑھ گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی دنوں سے اسرائیلی فوجی شہری آبادی کے مراکز پر جارحانہ حملے کرکے لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی جارحیت کے متاثرین کے اہل خانہ اور لبنان کے عوام کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا رہے گا۔

Comments

200 حروف