وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈن کا اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ
- امریکی صدر اور خاتون اول سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی، وزیر اعظم
پاکستان اور امریکہ نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی بہتری کیلئے اقدامات سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کر رہے ہیں۔
بعد ازاں ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر اور خاتون اول کے ساتھ ان کی ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کی شام نیویارک پہنچے تھے۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں منظم طریقے سے قتل عام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب ہم مقدس سرزمین پر پیش آنے والے سانحات دیکھتے ہیں تو ہمارے قلب سے لہو بہتا ہے ، یہ ایک ایسا المیہ ہے جو انسانیت کے شعور اور اس ادارے کی بنیاد کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا ہم بحیثیت انسان خاموش رہ سکتے ہیں جبکہ فلسطینی بچے اپنے تباہ مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں؟ وزیر اعظم شہباز شریف نے پوچھا سوال کیا کہ کیا ہم ان ماؤں سے پھیر سکتے ہیں جو اپنے بچوں کا بےجان لاشہ گود میں رکھے فریاد کررہی ہیں؟
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب کیئر اسٹارمر، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف سمیت اہم بین الاقوامی مالیاتی رہنماؤں سے بھی بات چیت کی تاکہ پاکستان کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے۔
حکومتی بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
Comments