وزیراعظم کی امریکی بینکوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی بینکوں کو پاکستان میں انفرااسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر معروف پاکستانی امریکی بینکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے مستحکم میکرو اکنامک ماحول برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے وفد کو معیشت کے استحکام اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنا، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات شامل ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے اور فچ اور موڈیز سمیت بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے وفد کو پائیدار فنانس فریم ورک کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس سے حکومت کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں گرین اینڈ سسٹین ایبلٹی بانڈز کے اجراء کی اجازت ملے گی۔
وفد نے وزیراعظم سے بات چیت کا موقع ملنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی ان پالیسیوں کو سراہا جنہوں نے پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وفد نے مینوفیکچرنگ سیکٹر بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ برآمدات کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔
وفد میں جے پی مورگن، ناٹیکسس کور اینڈ انویسٹمنٹ، سومیتومو مٹسوئی بینکنگ کارپوریشن، گولڈ مین ساکس، سٹیزن بینک، لازارڈ اور اوڈاکس گروپ سمیت معروف بینکوں کے اعلیٰ سطح نمائندے شامل تھے۔
Comments