امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
- یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد کا رواں سال پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کا عندیہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے صدر اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ ساتھ امریکہ کی معروف کاروباری کمپنیوں کے کارپوریٹ رہنما شامل تھے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں کارپوریٹ حلقوں سے تجاویز حاصل کرنے کو ترجیح دی جارہی ہے۔
شرکاء سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا تعارف کرواتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور طلب پر مبنی سہولت کے ذریعے منصوبے پر عملدرآمد کو تیز کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس آئی ایف سی ایک اعلیٰ سطح، ون ونڈو ایجنسی ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چار اہم شعبوں زراعت، آئی ٹی، توانائی اور کان کنی میں اپنے منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرتی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں، خاص طور پر زراعت، ٹیکنالوجی کے شعبے بشمول فنٹیک، دواسازی، تیل و گیس اور کان کنی کی نشاندہی کی، جہاں امریکی کمپنیاں حکومت کی پالیسیوں سے فائدہ اٹھا کر باہمی فائدے کے لیے منصوبے شروع کرسکتی ہیں۔
اس موقع پر یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپرانزا جیلیان نے کہا کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاری کا پسندیدہ مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ کونسل کا ایک وفد رواں سال پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا۔
بعدازاں امریکی کاروباری اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت ہوئی جہاں وزیر اعظم نے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔
Comments