امریکہ، فرانس اور دیگر اتحادیوں نے بدھ کو اقوام متحدہ میں طویل بات چیت کے بعد اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر فوری طور پر 21 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کا اظہار بھی کیا۔
بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جنگ بندی کا اطلاق اسرائیل اور لبنان کی ”بلیو لائن“ پر ہوگا، جو لبنان اور اسرائیل کے درمیان حد بندی لائن ہے، اور فریقین کو تنازع کے ممکنہ سفارتی حل کے لئے بات چیت کرنے کا موقع دے ملے گا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل اور لبنان کی حکومتوں سمیت تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر عارضی جنگ بندی کی توثیق کریں۔
مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے والے اتحادیوں میں آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور یورپی یونین شامل ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے ایک بیان کے مطابق اسرائیل نے بدھ کے روز لبنان میں اپنے فضائی حملوں میں اضافہ کیا ہے جس میں کم از کم 72 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس سے قبل وزارت نے کہا تھا کہ کم از کم 223 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ زمینی حملہ ممکن ہے جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ یہ تنازع مشرق وسطیٰ میں وسیع پیمانے پر جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے واشنگٹن اسرائیل اور لبنان کے حکام کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ ”ہم کافی عرصے سے یہ بات چیت کر رہے ہیں،“ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اور اس کے اتحادی اس 21 روزہ جنگ بندی کی مدت کے دوران ان مذاکرات کو ایک وسیع تر معاہدے میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ بائیڈن نے اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی تقریبا ہر بات چیت میں جنگ بندی کے امکان پر گفتگو کی تھی۔
Comments