پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افسران اور جوانوں سے بات چیت کے دوران آرمی چیف نے دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاریوں اور غیر معمولی حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے وانا کے دورے کے دوران سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران لازوال قربانیاں دی ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ایل ای اے بالخصوص خیبر پختونخوا (کے پی) پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ان کی مسلسل معاونت جاری رکھے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف