وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔
افتتاحی اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ جموں و کشمیر تنازعہ اور مسئلہ فلسطین سمیت متعدد بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے۔
وزیراعظم عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کئی اعلیٰ سطح اجلاسوں میں شرکت کریں گے جن میں سمندر کی سطح میں اضافے سے پیدا ہونے والے خطرات پر تبادلہ خیال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے لیے قیادت پر کھلی بحث شامل ہے۔
وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے ارکان اور پاکستانی بینکرز سے بات چیت کریں گے اور انہیں اپنی حکومت کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔
Comments