ایران کے جنوبی صوبہ خراسان میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 51 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حادثہ مدن جو کمپنی کے زیر انتظام کان کے بلاک بی اور سی میں میتھین گیس پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔
جنوبی خراسان صوبے کے گورنر علی اکبر رحیمی نے اتوار کے روز سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ “ملک کا 76 فیصد کوئلہ اسی علاقے سے فراہم کیا جاتا ہے اور مدن جو کمپنی سمیت تقریبا 8 سے 10 بڑی کمپنیاں اس علاقے میں کام کر رہی ہیں۔
بلاک بی میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس سے پہلے رحیمی نے کہا تھا کہ بلاک میں موجود 47 مزدوروں میں سے 30 کی موت ہو گئی اور 17 زخمی ہو گئے۔
بلاک سی میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاک میں میتھین کی کثافت زیادہ ہے اور آپریشن میں تقریبا 3 سے 4 گھنٹے لگیں گے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق دھماکے کے وقت بلاک میں 69 مزدور موجود تھے۔
ایران کے ہلال احمر کے سربراہ کے حوالے سے اتوار کے روز بتایا گیا تھا کہ 17 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور 24 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکا مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے ہوا۔ صدر مسعود پیزیشکیان نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پیزیشکیان نے ٹیلی ویژن پر اپنے تبصرے میں کہا، “میں نے وزراء سے بات کی ہے اور ہم صورتحال پر نظر رکھیں گے۔
Comments