امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ علاقائی استحکام اور سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور واشنگٹن دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا تعاون کو سراہتا ہے۔

امریکی صدر نے یہ خیالات اس وقت ظاہر کیے جب پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ان کے سامنے اپنے اسنادِ سفارت پیش کیں، وہ امریکہ میں اسلام آباد کے 30ویں سفیر ہیں۔

بلیئر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صدر نے سفیررضوان سعید شیخ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اہم عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں سفارتی برادری کے ارکان اور امریکی انتظامیہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی صدر، وزیر اعظم، اور عوام کی جانب سے امریکی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک بھرپور تاریخ ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دیرپا بنیادیں رکھی گئی ہیں۔

سفیر نے پاکستان کی ریاستی تشکیلی مرحلے میں امریکی امداد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری ہمارے تعلقات کا بنیادی ستون ہے اور امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منزل ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے نمایاں امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنی تجارت کو بڑھانے اور متبادل توانائی، سبز ٹیکنالوجی، صنعت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اعلیٰ تعلیم اور باہمی فائدے کے دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کو جذب کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے امریکہ میں پاکستان کی بڑی اور متحرک تارکین وطن برادری کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیا۔

سفیر نے تعلقات کو نئی رفتار دینے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کے لئے سلامتی اور غیر سلامتی دونوں شعبوں میں منظم، وسیع البنیاد اور نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سفیر شیخ کا واشنگٹن میں خیرمقدم کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ سفیر کی آمد کئی سطح پر اہم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان 75 سال سے زائد کی دوستی اور اقتصادی روابط، سیکیورٹی تعاون، عوامی سطح پر تعلقات اور ثقافتی تبادلے کے حوالے سے ہمارے پائیدار عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری ہمارے لوگوں اور دنیا بھر کے لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اپنے وقت کے اہم ترین عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

Comments

200 حروف