انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں 79 لاکھ 96 ہزار ڈالرکی انعامی رقم دی جائے گی۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 2.34 ملین ڈالر دیے جائیں گے جو 2023 میں ٹورنامنٹ کا پچھلا ایڈیشن جیتنے پر آسٹریلیا کو دیے جانے والے 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں دگنا سے بھی زیادہ ہے۔

بھارت کو اس سال کے اوائل میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر 2.45 ملین ڈالر ملے تھے جس میں مجموعی طور پر 11.25 ملین ڈالر تقسیم کیے گئے تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام آئی سی سی کی خواتین کے کھیل کو ترجیح دینے اور 2032 تک اس کی ترقی کو تیز کرنے کی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔

بیان کے مطابق کوئی بھی میچ برابر ہونے کے نتیجے میں اس کی انعامی رقم دونوں ٹیموں میں یکساں طور پر تقسیم ہوگی جبکہ میچ جیتنے پر فاتح ٹیم کو طے شدہ رقم ملے گی۔ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی انعامی رقم صرف 10 اضافی ٹیموں کی شرکت اور 32 مزید میچز کی وجہ سے زیادہ تھی۔

فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کو 1.17 ملین ڈالر دیے جائیں گے جبکہ 10 میں سے ہر ٹیم کو 112,500 ڈالر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

3 سے 20 اکتوبر تک شیڈول ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کو بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا جہاں حالیہ مہینوں میں سیاسی افراتفری اور تشدد کی لہر دیکھنے میں آئی ہے۔

Comments

200 حروف