روسی افواج نے یوکرین کے شمال مشرقی علاقے سومی میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کچھ اضلاع میں بجلی منقطع ہوگئی اور حکام کو بیک اپ پاور سسٹم کا سہارا لینے پر مجبور ہونا پڑا۔

علاقائی حکام نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ کے ذریعے بتایا کہ اس حملے سے خطے کے اضلاع کونوٹوپ، اوکھیتیئر اور سومی میں نقصانات ہوئے ہیں جبکہ بنیادی ڈھانچے کی اہم تنصیبات بیک اپ پاور سسٹم استعمال کر رہی ہیں۔

پانی کی فراہمی کے مراکز کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں رات کے وقت ان کی بجلی منقطع ہو گئی جس کے بعد انہیں بجلی کے حصول کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا پڑے۔

سومی کے قائم مقام میئر آرٹیم کوبزار نے کہا کہ شہر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور توانائی کے کارکن حملے کے بعد کی صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔

علاقائی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع نے علاقے میں 16 ڈرون مار گرائے ہیں۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے رات گئے ملک پر حملہ کرنے کے لیے 51 ڈرون داغے اور ان میں سے 34 کو مار گرایا۔

Comments

200 حروف