ضروریات کو اولین ترجیح دینی چاہیے، اس کے بعد درآمدات کے متبادل اور پھر برآمدات کے ذریعے زرمبادلہ کمانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ بنیادی ضروریات جیسے خوراک، کپڑے، اور رہائش (روٹی، کپڑا، مکان) زندگی کی بقا کے لیے پوری ہونی چاہئیں۔

پالیسی سازوں کو مستقل طور پر درآمدی بل کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ ممکنہ متبادل تلاش کیے جا سکیں اور مقامی پیداوار کو فروغ دیا جا سکے۔ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لیکن اسے بڑے پیمانے پر نظرانداز کیا گیا ہے۔ اس اہم شعبے میں ٹیکنالوجی کی محدود مداخلت ہوئی ہے۔

غیر منقسم ہندوستان میں پنجاب پورے برصغیر کے لیے اناج فراہم کرنے والا علاقہ تھا۔ جہاں مشرقی پنجاب آج بھی بھارت کی خوراک کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے وہیں مغربی پنجاب پاکستان میں پیچھے رہ گیا ہے۔

خوراک کی اشیاء درآمد کی جا رہی ہیں۔ حالیہ گندم درآمد اسکینڈل قوم کے لیے چشم کشا ہونا چاہیے۔ چینی کا مسئلہ بھی ایک اور آفت ہے۔ خورنی تیل کے بیجوں کی درآمد زرمبادلہ کے قلیل ذخائر کو ختم کر رہی ہے۔

بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی چائے کی پتی کی درآمد میں پاکستان سرفہرست ہے۔ یہاں تک کہ کھاد بھی درآمد کی جا رہی ہے۔ کوئلے کے بڑے ذخائر (185 ارب ٹن) کے باوجود ایندھن کا بل ناقابل برداشت (تقریبا 26 ارب ڈالر) ہے۔

زیادہ تر مقامی دھاتوں کے ذخائر زیرِ استعمال نہیں ہیں اور تیار شدہ دھاتوں کی درآمد جاری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ درآمدی لابیاں مکمل طور پر قابض ہیں جبکہ قوم بے بسی سے دیکھ رہی ہے۔ جب ضروریات پوری ہو جائیں تب ہی سمجھدار قومیں برآمدات کی طرف توجہ دیتی ہیں۔ درآمد اور اس سے فوائد بٹورنے والی لابیاں کنٹرول میں لانا ہوں گی تاکہ بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

سنہ 2002 تک پاکستان اپنے وسیع سوئی گیس کے ذخائر کی وجہ سے توانائی میں خود کفیل ملک تھا۔ 1952 میں دریافت ہونے والے 75 ٹی سی ایف (ٹریلین کیوبک فیٹ) کے ذخائر دنیا کے بڑے گیس ذخائر میں شامل تھے۔ ملک میں ہزاروں کلومیٹر پر پھیلا ہوا ایک وسیع گیس ٹرانسمیشن اور تقسیم کا نیٹ ورک موجود ہے جو مقامی انجینئرنگ کی مہارت سے تیار، تعمیر اور برقرار رکھا گیا تھا۔ یہ ذخائر ایک صدی تک چل سکتے تھے لیکن بدانتظامی کے باعث یہ آدھے وقت میں ہی ختم ہوگئے۔

ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے قطر سے ایل این جی (مائع قدرتی گیس) درآمد کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے توانائی ناقابلِ برداشت مہنگی ہو چکی ہے۔ صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز کی بنیاد پر کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کا نظام قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

سستی توانائی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ کوئلے پر مبنی توانائی کے استعمال سے ایندھن کے بل کو آدھا کیا جاسکتا ہے۔ گیسیفیکیشن کے بعد بلیک گولڈ کو یوریا ، ایس این جی (مصنوعی قدرتی گیس) ، ڈیزل ، امونیا وغیرہ جیسی متعدد مفید مصنوعات تیار کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت یوریا کی کمی کو 200 ملین ڈالر کی درآمدات کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے۔

عالمی معیشت میں برآمدات کو سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ آزاد منڈی کے نظام نے کئی معیشتوں کو بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہر ملک کو اپنی طاقتوں پر انحصار کرتے ہوئے مقابلہ کرنا چاہیے اور اپنی کمزوریوں کو دور کر کے بقا کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔

مختلف شعبوں کا محتاط انتخاب ضروری ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر بغیر سبسڈی کے مقابلہ کر سکیں۔ آسٹریلیا نے کان کنی اور زراعت پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان شعبوں کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنیاں وہیں موجود ہیں جن کا وسیع انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک ہے۔

بی ایچ پی (بروکن ہل پروپرائٹی) وہ پہلی کمپنی تھی جس نے بلوچستان میں ریکو ڈک کے ترقیاتی منصوبے پر دستخط کیے تھے۔ یہ کمپنی کئی ممالک میں اربوں ڈالر کی آمدنی والے منصوبے چلا رہی ہے جبکہ یہ زراعت میں بھی پیچھے نہیں ہے۔

آسٹریلیا میں کئی پودوں اور بیجوں کی اقسام تیار کی گئی ہیں۔ ایم-2 موٹروے کے دونوں اطراف آسٹریلوی نسل کے پاپولر (سفیدہ) درخت لگائے گئے ہیں۔ یہ ایک تیزی سے بڑھنے والی قسم ہے جو خاص طور پر پانی سے بھرے ہوئے علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح کم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس کے بعد غیر ملکی زرِ مبادلہ کو درآمدی بل پورا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

چین نے خود انحصاری کی پالیسی اپنائی جس میں توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر خاص توجہ دی گئی۔ جب بنیادی ضروریات پوری ہو گئیں تو چین نے برآمدات پر توجہ مرکوز کی اور بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی۔

چین کا موجودہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) عالمی منڈیوں تک پہنچنے کا ذریعہ ہے جس میں سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) بھی شامل ہے۔ بیجنگ میں میرے شنوا ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران میں نے اس کنٹرول روم کا مشاہدہ کیا جہاں سے چین کی توانائی کی تمام ضروریات کو مانیٹر کیا جاتا ہے اور ان کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

یہ ایک ایسی ایمپائر ہے جس کی اپنی کوئلے کی کانیں، ریلوے اور بحری جہاز ہیں جو توانائی پیدا کرنے کے لیے درکار وسائل کو جمع کرتے ہیں۔ حال ہی میں لاہور میں، مجھے قُربان لائنز میں واقع لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کے کنٹرول روم کا دورہ کرنے کا موقع ملا جو لاہور کی ٹریفک کو مانیٹر کرتا ہے اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار چالان جاری کرتا ہے۔ توانائی کی قلت سے دوچار پاکستان جیسے ملک کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جو بغیر تعطل کے سستی توانائی فراہم کر سکے تاکہ اربوں ڈالر کے درآمدی بل کو کم کیا جا سکے۔

پاکستان کے پاس کئی غیر دریافت شدہ دھاتوں کے ذخائر ہیں جو کان کنی کے شعبے میں بڑی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ ساندک میں موقع ضائع ہو گیا، اور اس منصوبے کو ایک چینی سب کنٹریکٹر (میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا) کے حوالے کیا گیا جس نے کان کو ترقی دی۔ تھر میں دو کانیں کام کر رہی ہیں جہاں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو چکی ہے اور جلد ہی گیسیفیکیشن بھی شروع کی جائے گی۔ ریکو ڈک میں نئے انتظامات (50 فیصد بیرک گولڈ، 25 فیصد حکومت بلوچستان، 25 فیصد حکومت پاکستان) کے تحت کام شروع ہوچکا ہے۔

حکومت پاکستان اپنا حصہ ایک سعودی کمپنی کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ادھوری دھاتی مصنوعات تیار کی جائیں گی اور پھر بیرون ملک ریفائننگ کے لیے برآمد کی جائیں گی جس کے نتیجے میں بالآخر درآمدات ہوں گی (0.5 ملین ٹن سالانہ)۔ اسٹیل بھی درآمد کیا جا رہا ہے (5 سے 7 ملین ٹن سالانہ) جبکہ پاکستان اسٹیل مل بند پڑی ہے۔ ان درآمدات کو مقامی تیار شدہ دھاتوں کی پیداوار کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے تاکہ ہماری ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

جائیداد کے شعبے میں سب سے اہم عوامل میں جگہ، جگہ یعنی مقام شامل ہے، لیکن قوموں کی ترقی کے لیے ”ضرورت، ضرورت اور ضرورت“ پر توجہ دینا لازمی ہے۔

کسی بھی ملک کو پہلے اندرونی ضروریات کا جائزہ لینا چاہیے، پھر بیرونی منڈیوں کی طرف جانا چاہیے۔ درآمدات اور برآمدات صرف چند لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں لیکن اکثریت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔ ایک بڑے پیمانے پر پالیسی کی تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور عام آدمی کی پہنچ میں لایا جا سکے۔

Comments

200 حروف