سری لنکا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اپریل سے جون کے دوران ملک کی معیشت میں سالانہ بنیادوں پر 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سری لنکا نے دہائیوں کے بدترین مالی بحران سے نکلنے میں پیش رفت کی ہے۔

سری لنکا کے ادارہ شماریات نے ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا کے زرعی شعبے میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 1.7 فیصد، صنعتی پیداوار میں 10.9 فیصد اور خدمات میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا۔

بجلی اور ایندھن کی کم قیمتوں، درآمدی پابندیوں میں کمی، سیاحت اور ترسیلات زر کی آمدنی میں بہتری نے مضبوط بحالی میں کردار ادا کیا۔

ڈالر کی شدید کمی کی وجہ سے سری لنکا کی معیشت 2022 میں 7.3 فیصد تک سکڑ گئی تھی کیونکہ یہ بڑھتی ہوئی افراط زر، تیزی سے کمزور کرنسی اور تاریخی غیر ملکی قرضوں کی نادہندگی سے نبردآزما تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 2.9 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ حاصل کرنے کے بعد معیشت بحال ہو رہی ہے اور دو سال کے وقفے کے بعد 3 فیصد شرح نمو کے ہدف تک پہنچنے کی راہ پر گامزن ہے۔

فرسٹ کیپیٹل میں ریسرچ کے سربراہ دیمنتھا میتھیو نے کہا کہ پیشرفت توقعات کے مطابق ہے لیکن تیسری سہ ماہی مشکل ہوسکتی ہے کیونکہ ہم صدارتی انتخابات کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تیسری سہ ماہی میں 1 سے 2 فیصد کی شرح سے ترقی دیکھ سکتے ہیں لیکن پھر بھی ہمیں لگتا ہے کہ ہم پورے سال میں 3 فیصد کی شرح نمو حاصل کریں گے۔

سری لنکا میں 21 ستمبر کو صدارتی انتخابات ہوں گے جس میں جیتنے والے کو آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ضروری سخت اصلاحات پر عمل درآمد کی ذمہ داری سونپی جائے گی جس میں زیادہ ٹیکس اور خسارے میں چلنے والی سرکاری کمپنیوں کی بحالی شامل ہے۔

اگست کے آخر میں زرمبادلہ کے ذخائر 5.95 ارب ڈالر تک پہنچنے کے بعد فروری 2025 سے گاڑیوں کی درآمد پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے بھی عوامی آمدنی میں اضافے کی توقع ہے۔

کابینہ نے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں آمدنی پر براہ راست ٹیکسوں میں کمی کی بھی منظوری دی جسے نومبر میں پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے عبوری بجٹ میں شامل کیا جائے گا اور اس سے عوامی اخراجات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

سری لنکا کے مرکزی بینک نے افراط زر میں کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جون 2023 سے پالیسی ریٹ میں 750 بیسس پوائنٹس کی کمی کی ہے جو گزشتہ ماہ کے آخر میں 0.5 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

Comments

200 حروف