غزہ کی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میزائلوں نے جنوبی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمہ کیمپ کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 65 افراد شہید یا زخمی ہوگئے۔

غزہ حکومت کے میڈیا آفس نے ہلاکتوں کی تعداد 40 سے زائد بتائی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں کم از کم 60 افراد زخمی ہوئے ہیں اور بہت سے لاپتہ ہیں جبکہ امدادی کارکنوں نے منگل کی صبح اپنی کارروائی جاری رکھی۔

مقامی افراد اور طبی عملے کا کہنا ہے کہ المواسی کے علاقے میں خان یونس کے قریب خیمے کو کم از کم چار میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جسے اسرائیل نے بے گھر فلسطینیوں کے لیے انسانی بنیادوں پر محفوظ علاقہ قرار دیا ہے۔

غزہ کی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ کم از کم 20 خیموں میں آگ لگ گئی اور میزائلوں کی وجہ سے نو میٹر (30 فٹ) تک گہرے گڑھے بن گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 65 متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں تاہم انہوں نے فوری طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، جو ہلاکتوں کے اعداد و شمار مرتب کرتی ہے۔ قبل ازیں شہاب نیوز ایجنسی نے کہا تھا کہ 40 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اب بھی شہیدوں اور زخمیوں کو علاقے سے باہر نکال رہی ہیں۔ غزہ کی سول ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ ایک نیا اسرائیلی قتل عام لگتا ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے “حماس کے اہم افراد کو نشانہ بنایا جو خان یونس میں ہیومینٹیرین ایریا میں واقع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر کام کر رہے تھے۔

بیان میں اسرائیلی دفاعی افواج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ “جنگجوؤں نے پیش قدمی کی اور آئی ڈی ایف کے فوجیوں اور اسرائیلی ریاست کے خلاف حملے کیے۔

یہ ایک واضح جھوٹ ہے جس کا مقصد ان گھناؤنے جرائم کا جواز پیش کرنا ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ مزاحمت نے کئی بار اس بات کی تردید کی ہے کہ اس کا کوئی رکن سویلین اجتماعات میں موجود ہے یا ان مقامات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایمبولینسیں خیمہ کیمپ اور قریبی اسپتال کے درمیان دوڑ رہی ہیں جبکہ اسرائیلی طیاروں کی آوازیں اب بھی اوپر سے سنی جا سکتی ہیں۔

غزہ کی 2.3 ملین آبادی میں سے تقریبا تمام کو کم از کم ایک بار اپنے گھروں سے بے دخل ہونا پڑا ہے، اور کچھ کو 10 بار نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے حملے میں اب تک 40 ہزار 900 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

Comments

200 حروف