یوکرین کے شمال مشرقی علاقے کی فوجی انتظامیہ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ سومی پر رات بھر روسی فضائی حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

انتظامیہ نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر پوسٹ کیا کہ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

متعدد رہائشی مکانات اور کاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ روئٹرز آزادانہ طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکا۔

روس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ روس کی سرحد سے متصل سومی کا علاقہ روسی افواج کی جانب سے مسلسل حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔

ماسکو شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اس کے حملوں کا مقصد یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے جو کیف کی جنگی کوششوں کے لیے اہم ہے۔

اس جنگ میں ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جس کا آغاز روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل حملے سے کیا تھا۔

لاکھوں یوکرینی باشندے بھی بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ان کے شہر اور دیہات ملبے کے ڈھیر بن چکے ہیں۔

Comments

200 حروف