سپریم کورٹ نے نوٹ کیا کہ کسی ملازم/ورک مین یا سرکاری ملازم کو نوکری سے ہٹانے یا اس کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے اسے منصفانہ موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ اس کارروائی کا جواب دے سکے اور اپنا دفاع کرسکے۔

”یہ قانون کا ایک بنیادی اصول ہے کہ کسی کیخلاف کارروائی کرنے سے پہلے متاثرہ فریق کو منصفانہ موقع دیا جانا چاہیے تاکہ وہ اس کا جواب دے سکے اور اپنا دفاع کرسکے۔ یہ اصول کسی بھی عدالتی کارروائی اور انتظامی کارروائی کے درمیان کوئی فرق یا عدم مساوات کا تعین نہیں کرتا۔ یہ اصول انصاف کے حصول کے لیے یکساں اور مساوی طور پر لاگو ہوتا ہے اور اسی طرح انصاف کی ناکامی کو روکنے کے لیے بھی،“ جسٹس محمد علی مظہر کی طرف سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ کسی بھی تادیبی کارروائی کرنے سے پہلے، کسی ملازم/ورک مین یا سرکاری ملازم کی خدمات ختم کرنے کے لیے، انصاف اور معقولیت کا اصول تقاضا کرتا ہے کہ دفاع پیش کرنے کا برابر موقع فراہم کیا جائے۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ٹاؤن ایڈمنسٹریشن چک جھمرا کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔

محمد خالد اور محمد اقبال جاوید کو ٹاؤن ایڈمنسٹریشن چک جھمرا نے زبانی احکامات کے ذریعے بالترتیب 03 اپریل 2010 اور یکم مارچ 2011 کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ انہوں نے پنجاب انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ، 2010 کے سیکشن 33 کے تحت لیبر کورٹ میں الگ الگ شکایتی درخواستیں دائر کیں، جس نے محکمے کو ان کی بحالی کا حکم دیا اور انہیں پچھلی تنخواہوں کے ساتھ مستقل ملازم قرار دیا۔ ٹاؤن ایڈمنسٹریشن نے پنجاب لیبر اپیلیٹ ٹریبونل میں ان فیصلوں کو چیلنج کیا لیکن اس نے درخواستوں کو مسترد کردیا۔ پھر محکمہ نے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشنز دائر کیں جو خارج ہوگئیں۔

محمد خالد کو یکم جولائی 2007 کو ہیلپر الیکٹریشن کے طور پر مقرر کیا گیا اور انہوں نے تین سال تک مسلسل اپنی خدمات انجام دیں، اور کئی بار محکمہ سے ان کی خدمات کو مستقل کرنے کی درخواست کی لیکن ملازم کو عارضی ملازم کے طور پر رکھا گیا اور انہیں 03 اپریل 2010 کو زبانی حکم کے ذریعے برطرف کردیا گیا۔ جبکہ محمد اقبال کو 22 جون 2005 کو عارضی بنیاد پر ڈرائیور ڈسپوزل ورکس کے طور پر ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن چک جھمرا میں مقرر کیا گیا، اس کے بعد انہیں 22 اگست 2005 کو نائب قاصد کے طور پر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے چھ سال کی مدت تک مسلسل خدمات انجام دیں۔

ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں جواب دہندگان ملازمین مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کی خدمات کی مدت، باوجود اس کے کہ درخواست گزار انہیں عارضی یا روزانہ اجرت کی بنیاد پر کہہ رہے تھے، نو ماہ کی مقررہ مدت سے کہیں زیادہ تھی اور دونوں مستقل نوعیت کے عہدوں پر کام کر رہے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ خدمات کو زبانی حکم سے برطرف کرنا پاکستان کے لیبر اور سروس قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا اور یہ اصولی طور پر حکومت کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین ایگریکلچر پالیسی انسٹی ٹیوٹ، وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، حکومت پاکستان بمقابلہ ذوالقرنین علی کیس میں یہ قرار دیا گیا تھا کہ لیبر قوانین یا سروس قوانین کے تحت زبانی طور پر ملازمین کو برطرف کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور یہ کہ برطرفی کے لیے لکھا ہوا حکم ضروری ہے جس میں واضح وجوہات یا برطرفی کا سبب بیان کیا گیا ہو۔

بدانتظامی کی بنیاد پر تادیبی کارروائی کے لیے ایک الگ طریقہ کار موجود ہے جو شوکاز نوٹس کے اجرا، انکوائری کی انجام دہی (جب تک کہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے تمام حالات کے پیش نظر مستثنیٰ نہ ہو) پر زور دیتا ہے اور ذاتی سماعت کے بعد، مناسب کارروائی قانون کے مطابق کی جا سکتی ہے۔

Comments

200 حروف