یوکرین کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اسے ایران کے بیلسٹک میزائلوں کی روس کو ممکنہ منتقلی سے متعلق اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔

نامہ نگاروں کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں وزارت خارجہ نے کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان بڑھتا ہوا فوجی تعاون یوکرین، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے لیے خطرہ ہے اور بین الاقوامی برادری ایران اور روس پر دباؤ بڑھائے۔

سی این این اور وال اسٹریٹ جرنل نے جمعے کے روز نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی تھی کہ ایران نے روس کو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل منتقل کیے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے اگست میں خبر دی تھی کہ روس ایران سے سیکڑوں قریب فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی کی توقع کر رہا ہے اور درجنوں روسی فوجی اہلکار یوکرین کی جنگ میں فیصلہ کن استعمال کے لیے سیٹلائٹ گائیڈڈ ہتھیاروں پر ایران میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

جمعے کے روز یوکرین کے اہم اتحادی امریکہ نے بھی میزائلوں کی ممکنہ منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سویٹ نے کہا کہ ایران کے بیلسٹک میزائلوں کی روس کو منتقلی یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی جنگ کی حمایت میں ڈرامائی اضافے کی نمائندگی کرے گی۔

Comments

200 حروف