فلسطینی اتھارٹی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق غزہ میں پناہ گزینوں کو پناہ دینے والے ایک اسکول اور ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 13 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں سے کم از کم 8 شمالی غزہ کے جبالیہ میں حلیمہ السعدیہ اسکول میں پناہ گزین خیموں میں تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر جنگجوؤں پرحملہ کیا ہے۔ جو حماس کے کمپاؤنڈ کے اندر کام کر رہے تھے، جو شمالی غزہ کی پٹی میں حلیمہ السعدیہ اسکول کے کمپاؤنڈ میں واقع تھا۔
ایک اور واقعے میں وسطی غزہ کے نصرات کیمپ میں واقع ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں پانچ فلسطینی شہید ہو گئے۔
مقامی وزارت صحت کے مطابق اس انکلیو پر اسرائیل کے حملے کے نتیجے میں اب تک 40 ہزار 800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 23 لاکھ کی آبادی بے گھر ہو چکی ہے جس سے غزائی بحران پیدا ہوا ہے اور عالمی عدالت میں نسل کشی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جن سے اسرائیل انکار کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، غزہ کی پٹی میں کم از کم 1.9 ملین افراد اندرونی طور پر بے گھر ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ 10 سے زیادہ بار بے گھر ہوئے ہیں.
Comments