وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو ٹیلی ویژن پر اپنی تقریر میں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ 7 ارب ڈالر کا 37 ماہ طویل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام جس پر 12 جولائی 2024 کو عملے کی سطح کا معاہدہ (ایس ایل اے) طے پاگیا تھا، آخری مراحل میں ہے کیونکہ حکومت 3 دوست ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

تاہم، اس بار انہوں نے دانشمندی سے ڈیڈ لائن دینے سے گریز کیا – جیسا کہ انہوں نے پہلے اگست کے آخر اور پھر ستمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی – کیونکہ آئی ایم ایف بورڈ کا 13 ستمبر تک کا کیلنڈر جاری کیا جاچکا ہے اور پاکستان کا قرض ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ بورڈ کی منظوری کے بغیر ادائیگیاں شروع نہیں ہونگی اور جیسا کہ سال 2019 سے پاکستانی حکام پر واضح کیا جا چکا ہے، دو پروگرام قبل، جب تک ملک ایک فعال فنڈ پروگرام میں شامل نہیں ہوتا دوست ممالک امداد میں توسیع نہیں کریں گے - چاہے وہ پہلے ہی وعدہ کیا گیا ہو یا نہ ہو۔

اس وقت اہم سوال یہ ہے کہ پاکستان کے قرض کو آئی ایم ایف کے بورڈ کے کیلنڈر میں ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ آیا یہ تاخیر متفقہ پیشگی شرائط پر عمل درآمد میں ناکامی کی وجہ سے ہے، جیسے کہ محمد اورنگزیب نے چند ہفتے قبل دعویٰ کیا تھا کہ دوست ممالک سے 2 ارب ڈالر حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، یا پھر آئی ایم ایف کے عملے نے کچھ دیگر مسائل اٹھائے ہیں جو 12 جولائی کو ایس ایل اے پر پہنچنے کے وقت مسئلہ نہیں تھے؟

اگرچہ حکومت کے اس دعوے کو تسلیم کیا جاسکتا ہے کہ وہ دوست ممالک سے 2 ارب ڈالر حاصل کرنے کے آخری مرحلے میں ہے لیکن پاکستان کے بارے میں ان ممالک کے جائز خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا: چین کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ حکومت اپنے توانائی منصوبوں پر منافع کی واپسی کی اجازت نہیں دے پا رہی ہے (جو 2015 میں دستخط شدہ ہیں) کیونکہ غیر ملکی زرمبادلہ کی کمی ہے، جس کی وجہ سے چائنا انشورنس کمپنی، سائنوشور، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مجوزہ منصوبوں کی منظوری میں تاخیر کررہی ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاری کے بہاؤ کا وعدہ کیا ہے (قرضوں کی رقم میں اضافے کے برعکس)۔ تاہم ان سرمایہ کاری میں تاخیر جاری ہے کیونکہ نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کا ماحول چیلنجنگ ہے بلکہ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ ممالک مالی اور مانیٹری مراعات کے خواہاں ہیں جن پر آئی ایم ایف کی ٹیم غور کرسکتی ہے، کیونکہ یہ مقامی سرمایہ کاروں کیلئے رکاوٹ سمجھی جا سکتی ہیں۔

تاہم، دو ایسے عوامل ہیں جو 12 جولائی کے بعد سامنے آئے ہیں اور جو آئی ایم ایف کی تشویش کا باعث بن سکتے ہیں، ممکنہ طور پر پاکستان کے قرضے کی آئی ایم ایف بورڈ کے ایجنڈے سے مؤخر ہونے کی وجوہات ہوسکتے ہیں۔

پہلا اور سب سے اہم مسئلہ وہ فیصلہ تھا جو مسلم لیگ (ن) کے پارٹی سربراہ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر شاندار انداز میں اعلان کیا، جس کی فوری طور پر وزیراعظم اور پی ایم ایل-این کے وزراء نے حمایت کی۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب (اور وفاقی دارالحکومت) کے بجلی صارفین کو اگست اور ستمبر کے مہینے کے لیے 200 اور 500 یونٹس فی ماہ استعمال کرنے پر 45 ارب روپے کی غیر فنڈڈ اور غیر ہدف سبسڈی دی گئی۔

آئی ایم ایف مسلسل یہ کہتا رہا ہے کہ سبسڈی کو بجٹ میں شامل کیا جانا چاہیے اور ترجیحی طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے ہدف بنایا جانا چاہیے، جس نے غریب اور کمزور طبقوں کی نشاندہی کیلئے ڈونر کے منظور شدہ سائنسی طریقہ کار کا استعمال کیا ہے۔ اس بات کی تصدیق وزیر خزانہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی، خاص طور پر یہ کہ آئی ایم ایف کو بی آئی ایس پی کے ذریعے ہدف بننے والی سبسڈیز پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

یہ دلیل دینا کہ ایک صوبائی حکومت کو سبسڈی دینے کا حق حاصل ہے جیسا کہ وہ مناسب سمجھے، ایک درست دلیل نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر آئی ایم ایف کی شرائط کو تسلیم کیا ہے۔

خاص طور پر پنجاب نے رواں سال (وفاقی حکومت کے استعمال کے لیے) 620 ارب روپے کا سرپلس پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے جو وفاقی قابل تقسیم پول سے اس کے حصے کے ساتھ ممکن ہے جس کا تخمینہ 3,695,076 ملین روپے لگایا گیا ہے (یہ رقم پورے پاکستان سے جمع ہونے والے محصولات پر مشتمل ہے اور اسے 2010 کے فنانس کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے)

دوسری تشویش کی بات یہ ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران جولائی تا اگست ایف بی آر کے محصولات کے ہدف میں 98 ارب روپے کا شارٹ فال ہوا ہے جس کے ساتھ خالص وصولیاں 1456 ارب روپے رہیں جب کہ ہدف 1554 ارب روپے تھا۔ اگرچہ یہ سچ ہے کہ اس کمی کی ایک وجہ کم شرح نمو کا تخمینہ (3.5 فیصد بجٹ) اور جزوی طور پر درآمدات میں کمی ہے جس کے نتیجے میں درآمدی ٹیکس وصولیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں (اگرچہ تجارتی خسارے میں غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر کی ضرورت میں کمی آئی ہے)

اس کے علاوہ تاجر رجسٹریشن پر راضی ہونے سے انکار کر رہے ہیں ،اگرچہ مذاکرات جاری ہیں لیکن فی الحال معاہدے کا امکان بہت کم ہے۔ محمد اورنگزیب نے واضح طور پر کہا ہے کہ حکومت پچھلی حکومتوں کے برعکس اس بار پیچھے نہیں ہٹے گی ، حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ وہ تاجروں کو رجسٹریشن کرنے اور معاہدے کے مطابق ایڈوانس ٹیکس ادا کرنے اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر مجبور کرنے کے لئے کیا حکمت عملی اختیار کریں گے۔

بزنس ریکارڈر نے حکومتی حکام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رواں سال اپنے اخراجات میں کمی کرکے اصلاحاتی عمل کا آغاز کریں (حیران کن طور پر بجٹ میں 21 فیصد اضافہ ہوگا) اور اس طرح ان تمام شعبوں کے ساتھ مذاکرات کی راہ ہموار کی گئی ہے جو اپنی آمدن کے مطابق براہ راست ٹیکس ادا کرنے کے خلاف مزاحمت رکھتے ہیں۔

اپنے موجودہ اخراجات میں اضافہ جاری رکھتے ہوئے دیگر شعبوں کو معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے کہنا عوام کو پسند نہیں آتا اور اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں حکام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف