راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں شکست دے کر وائٹ واش کردیا اور پہلی بار سیریز اپنے نام کرلی۔

جیت کیلئے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے پانچویں اور آخری دن چائے سے 25 منٹ قبل ہدف حاصل کیا اور سیریز دو صفر سے اپنے نام کی۔

بنگلہ دیش نے یہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جس میں ذاکر حسن 40 ، کپتان نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بناکرنمایاں رہے ۔

مشفق الرحیم نے ناٹ آؤٹ 22 اور شکیب الحسن نے 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بنگلہ دیش نے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 14 میچوں میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں 274 اور 172 رنز بنائے جب کہ بنگلہ دیش اپنی پہلی اننگز میں 26 رنز پر 6 وکٹ گنوانے کے بعد 262 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

لٹن داس کی 138 رنز کی اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا جب کہ فاسٹ بولرز حسن محمود نے 43 رنز دے کر 5 اور ناہید رانا نے 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

Comments

200 حروف