ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 6 پیسے کم ہونے کے بعد روپیہ 278 روپے 70 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق پیر کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 278.64 روپے پر بند ہوا تھا۔
حالیہ مہینوں میں ڈالر کے مقابلے مقامی کرنسی بڑی حد تک 277 سے 279 کے آس پاس رہی ہے کیونکہ تاجر کچھ مثبت اشارے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ سے 7 ارب ڈالر کی نئی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی منظوری پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر منگل کو ین اور یورو کے مقابلے میں دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر برقرار رہا کیونکہ سرمایہ کار جمعہ کو امریکی پے رول سمیت متعدد معاشی اعداد و شمار کیلئے تیار ہیں جو فیڈرل ریزرو کی جانب سے متوقع شرح سود میں کٹوتی کے حجم پر اثر انداز ہوں گے۔
رواں ہفتے سرمایہ کاروں کی توجہ جمعہ کو طے شدہ امریکی پے رول کے اعداد و شمار پر ہوگی کیونکہ فیڈ کے چیئرمین جیروم پاول نے گزشتہ ماہ لیبر مارکیٹ کے حوالے سے خدشات کو دور کرتے ہوئے شرح سود میں کٹوتی کے فوری آغاز کی توثیق کی تھی۔
اس سے پہلے بدھ کو نوکریوں کے آغاز کے اعداد و شمار کے ساتھ جمعرات کو بے روزگاری کے دعووں کی رپورٹ سرخیوں میں رہے گی۔
سی ایم ای فیڈ واچ ٹول سے پتہ چلتا ہے کہ 17سے 18 ستمبر کو جب فیڈ کا اجلاس ہوگا تو مارکیٹوں میں 25 بیسس پوائنٹس (بی پی ایس) کی کٹوتی کا امکان 69 فیصد ہے جبکہ 50 بی پی ایس کٹوتی کا امکان 31 فیصد ہے۔
ڈالر انڈیکس ابتدائی ٹریڈنگ میں 101.69 پر رہا جو پیر کو101.79 کی دو ہفتوں کی بلند ترین سطح سے کچھ ہی نیچے تھا۔
امریکی شرح سود میں کمی کی توقعات پر اگست میں انڈیکس میں 2.2 فیصد کمی واقع ہوئی۔
Comments