نواز شریف کی حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کی ہدایت
- مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کی زیر صدارت پارٹی اجلاس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے کی جانے والی امدادی کوششوں کا جائزہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات ہفتے کو ریڈیو پاکستان نے بتائی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
پارٹی صدر نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران ترقیاتی اقدامات اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں دیے گئے ریلیف کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اضافی امداد دینے کے لیے پارٹی صدر نواز شریف نے حکومتی اخراجات میں کمی کا حکم دیا۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ چونکہ یہ پارٹی کے منشور میں تھا اس لیے نواز شریف نے بلدیاتی قانون میں مکمل ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔
Comments