جاپان میں سمندری طوفان شان شان کے مشرق کی جانب بڑھنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے، کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہورہی ہیں جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک کے جنوب مغرب میں سیلابی سڑکوں پر گھروں کی چھتیں جزوی طور پر گرگئی ہیں، یہ طوفان جمعرات کو کیوشو سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں ریکارڈ بارشیں دیکھی جارہی ہیں۔
جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک شخص لاپتہ ہے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ کیوشو الیکٹرک کے مطابق جنوبی کیوشو کے کاگوشیما پریفیکچر میں 35 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں۔
حکام نے طوفان کی آمد کے بعد سے ملک بھر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے، فضائی اور ریل خدمات کو روک دیا گیا ہے اور فیکٹریاں بند کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طوفان کے ہفتے کے آخر میں کمزور پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے لیکن توقع ہے کہ اس کے نتیجے میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Comments