وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انٹرپرینیورز آرگنائزیشن کے وفد سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں براہ راست ٹرانسمیشن لائن بچھا کر صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صرف رسمی ملاقات نہیں بلکہ ہم صنعت میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب میں انٹرپرینیورز آرگنائزیشن کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے صنعت کے مسائل کے حل کیلئے ایک اعلی سطح کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا۔ معروف صنعتکار علی عالم قمر کو متفقہ طور پر اس کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔

مریم نواز نے پنجاب کے لئے 300 ارب ڈالر کا جی ڈی پی ہدف حاصل کرنے کے لئے صنعتکاروں کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میں صنعتوں کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین کے لیے بھی بجلی کے بلوں میں دیرپا ریلیف چاہتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر شپ ایک چیلنجنگ کام ہے، 14 کروڑ لوگوں کی ذمہ داری مجھے رات کو سونے نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے معروف تنظیمیں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو راتوں رات تبدیل نہیں کیا جا سکتا لیکن اسے تبدیل کرنے کے لیے عزم اور حوصلہ موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم صنعتکاروں کے ساتھ مل کر صورتحال کو تبدیل کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹس رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز پر چارجز لینے، پلاٹ لینے اور 3 ماہ میں تعمیرات شروع کرنے کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ہم صنعت کے پلگ اینڈ پلے یونٹس بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کورسز کو صنعتی تعاون سے دوبارہ ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت نہ صرف ملک میں بلکہ غیر ملکی صنعتوں میں بھی کام کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات ہماری معیشت کی لائف لائن ہے۔ برآمدات بڑھانے کے لیے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ترقی پسند صنعتکاروں کے ساتھ مل کر پنجاب میں صنعتی انقلاب لائیں گے۔ ہم نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صنعتوں کو این او سی دیا ہے۔

صنعتکار علی عالم قمر نے کہا کہ مریم نواز شریف کی صورت میں پنجاب کو اپنا پہلا انڈسٹری اور ٹریڈ فرینڈلی وزیراعلیٰ ملا ہے۔ بجلی ریلیف، سولر پینل، صحت اور تعلیم سمیت درجنوں منصوبے 6 ماہ میں ریکارڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز ایک جدت طراز معاشی رہنما ہیں۔

وفد میں سیمنٹ، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، آئل اینڈ پٹرولیم، کیمیکل، سیاحت اور دیگر شعبوں کے صنعتکار شامل تھے۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، ایس اے سی ایم برائے سیاسی امور ذیشان مالی اور ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر دل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

Comments

200 حروف