بنگلہ دیش نے اپنے آف اسپنر مہدی حسن معراج کی 5 وکٹوں کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز 274 رنز پر ڈھیر کردیا۔

26 سالہ اسپنر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ویں بار 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم بھی کیا اور ان کی بدولت مہمان ٹیم کیلئے دوسرا دن اچھا ثابت رہا جو ملک سے باہر اپنی تیسری سیریز میں فتح حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش کا اسکور وکٹ گرے بغیر 10 تھا جبکہ میر حمزہ کی جانب سے اننگز کی پہلی گیند پر ہی سعود شکیل نے اوپنر شادمان اسلام کا کیچ ڈراپ کردیا۔

تاہم بنگلہ دیش کو اس کے گیند بازوں نے مضبوط پوزیشن پر پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مہدی نے کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود کو 57 اور اوپنر صائم ایوب کو 58 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس سے قبل 99 رنز پر گرین شرٹس کا صرف ایک کھلاڑی ہی آؤٹ تھا۔

اس کے بعد انہوں نے خرم شہزاد کو 12 اور پھر محمد علی اور ابرار احمد کی وکٹیں لیکر پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کیا اور مجموعی طور پر 61 رنز دیکر پانچ شکار کیے۔ مہدی نے مہدی نے پہلے ٹیسٹ میں بھی 21 رنز دیکر بنگلہ دیش کی 10 وکٹوں سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

فاسٹ بولر تسکین احمد نے 57 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرکے مہدی کا بھرپور ساتھ دیا۔

سلمان آغا کا کیچ صفر کے اسکور پر ذاکر حسن کے ہاتھوں شکیب کی گیند پر ڈراپ ہوا تاہم تین چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے والے سلمان آغا تسکین کی تیسری وکٹ ثابت ہوئے۔

گزشتہ اتوار کو راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کیخلاف بنگلہ دیش نے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں جو کہ گرین شرٹس کیخلاف 14 ٹیسٹ میچز میں اس کی پہلی فتح تھی۔

دو میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے بے چین پاکستان ٹیم نے اچھی شروعات کی تاہم 1 وکٹ کے نقصان پر 107 رنز کے بعد راولپنڈی کی گرین مگر سلو پچ پر وقفے وقفے سے وکٹ گنواتے رہنے پر پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں زیادہ بڑا اسکور نہ کرسکی۔

تسکین نے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے سعود شکیل کو 16 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ اس سے قبل بھی ناہید رانا کی گیند پر مہدی ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے تھے جس کا انہوں نے فائدہ نہیں اٹھایا۔

پاکستان کے بہترین بلے باز بابر اعظم 31 رنز بناکر اسپنر شکیب الحسن گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور یہ ان کی مسلسل 15 ویں ٹیسٹ اننگز ہے جس میں وہ نصف سنچری بھی اسکور نہ کرسکے۔

جمعہ کو پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا لیکن پاکستان نے پہلے سیشن میں مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

پہلے ٹیسٹ میں چھ اور 14 رنز کے اسکور کے بعد دباؤ کا سامنا کرنے والے مسعود نے لنچ بریک کے بعد مہدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل تیسرے اوور میں 2 چوکے لگائے۔

بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز صائم ایوب نے زیادہ جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکے اور چار چوکے لگائے جس کے بعد وکٹ کیپر لٹن داس نے انہیں مہدی کی گیند پر اسٹمپ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے واحد تبدیلی کے طور پر ان فٹ شریفل اسلام کی جگہ ٹیم میں آنے والے تسکین احمد نے پہلے اوور کی چھٹی ہی گیند پر عبداللہ شفیق کو پولین کی راہ دکھائی۔ پاکستان نے 2 تبدیلیاں کی ہیں اور شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیتے ہوئے فاسٹ بولر میر حمزہ اور اسپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

دو میچوں کی سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس میں پاکستان اب آٹھویں اور بنگلہ دیش نو ٹیموں کی ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہے۔

Comments

200 حروف