پاکستان

ملکی قرضوں کا حجم 71.2 ٹریلین روپے پرجاپہنچا، وزرات خزانہ کی اسمبلی میں بریفنگ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ جون 2024 کے اختتام تک پاکستان کا مجموعی سرکاری...
شائع August 31, 2024

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ جون 2024 کے اختتام تک پاکستان کا مجموعی سرکاری قرضہ 71.2 ٹریلین روپے پر جاپہنچا ہے جس میں 47.2 ٹریلین روپے (66 فیصد) مقامی اور 24.1 ٹریلین روپے (34 فیصد) بیرونی قرضے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک مجموعی سرکاری قرضہ 79.731 ٹریلین روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس میں ملکی قرضوں میں 7.671 ٹریلین روپے اور غیر ملکی قرضوں میں 818 ارب روپے کا اضافہ شامل ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے تحریری جواب میں وفاقی وزیر خزانہ نے 2024 سے 2040 تک قرضوں کی ادائیگی کا شیڈول پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024 کیلئے پاکستان 18.7 ٹریلین روپے ادا کرنے کے لئے تیار ہے جس میں 13.7 ٹریلین روپے ملکی اور 5 ٹریلین روپے بیرونی قرض شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2025 میں 6.4 ٹریلین روپے کے ملکی اور 2.2 ٹریلین روپے کے بیرونی قرضوں سمیت 8.7 ٹریلین روپے ادا کرنا ہیں جبکہ 2026 میں 5.3 ٹریلین روپے ملکی اور 2.3 ٹریلین روپے سمیت 7.6 ٹریلین روپے ادا کرنے ہوں گے۔

سال 2027 میں مجموعی طور پر 4.3 ٹریلین روپے ادا کرنے ہوں گے جن میں 2.3 ٹریلین روپے ملکی اور 2 ٹریلین روپے بیرونی قرضے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2028 میں 6 ٹریلین روپے (4.4 ٹریلین روپے ملکی اور 1.6 ٹریلین روپے بیرونی) اور 2029 میں 8.4 ٹریلین روپے (6.8 ٹریلین روپے ملکی اور 1.6 ٹریلین روپے بیرونی) کی ادائیگی کی رقم رکھنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2.4 ٹریلین روپے (1.2 ٹریلین روپے ملکی اور 1.1 ٹریلین روپے بیرونی) 2030 تک واپس کرنا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو 2031 میں 2.6 ٹریلین روپے، 2032 میں 1.1 ٹریلین روپے، 2033 میں 1.2 ٹریلین روپے، 2034 میں 0.8 ٹریلین روپے، 2035 میں 0.9 ٹریلین روپے، 2036 میں 0.8 ٹریلین روپے، 2037 میں 0.6 ٹریلین روپے، 2038 میں 0.5 ٹریلین روپے، 2039 میں 0.5 ٹریلین روپے اور 2039 میں 0.8 ٹریلین روپے ادا کرنا ہوں گے۔

دریں اثناء وفاقی حکومت نے 3 سالہ اقتصادی منصوبہ بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد 2027 تک وفاقی بجٹ میں صوبوں کا حصہ 39.4 فیصد سے بڑھا کر 48.7 فیصد کرنا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت صوبوں کو مالی سال 2026-27 میں 10.35 ٹریلین روپے ملیں گے۔

آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے 8.921 ٹریلین روپے اور 2026-27 تک 10.350 ٹریلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ کا 39.4 فیصد حصہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار پر نظر ثانی کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف