بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں پانچ دہشت گرد ہلاک کردئیے، آئی ایس پی آر
- 26 اگست کو بلوچستان میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے پس منظر میں آپریشن کیا گیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کیچ، پنجگور اور ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے تین انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ”26 اگست کو بلوچستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کے پس منظر میں، سیکیورٹی فورسز ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشنز کر رہی ہیں۔“
پاک فوج کے میڈیا ونگ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام مجرموں، سہولت کاروں اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ آپریشنز اس وقت کیے گئے جب اتوار کو بلوچستان میں دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشنوں، ریلوے لائنوں اور شاہراہوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 73 افراد ہلاک ہوگئے۔
صوبائی دارالحکومت کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والے ریلوے پل پر دھماکوں کے بعد کوئٹہ کے ساتھ ریل ٹریفک معطل کردی گئی تھی۔ ریلوے عہدیدار محمد کاشف نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے ہمسایہ ملک ایران سے ایک ریلوے لنک کو بھی نشانہ بنایا۔
Comments